(24 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے 5 مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کے ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیدیا۔ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کی درخواست خارج کرنے کا اقدام کالعدم کر دیا، تحریک انصاف کی خواتین اور اقلیتی ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی درخواست منظور کرلی گئی۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کے ممبران پنجاب اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل عدالت کے حکم سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے۔عدالت نے مخصوص نشستوں پر ارکان کی نااہلی کے بعد کوٹہ دوبارہ نکالنے کی مسلم لیگ ن کی درخواست خارج کردی۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ موصول ہوگیا، الیکشن کمیشن نے ترجیحی لسٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے مجوزہ ممبران سے ڈیکلریشنز مانگ لئے ،ذرائع کے مطابق ڈیکلریشنز الیکشن ایکٹ کی شق 104 سب سیکشن 6 کے تحت مانگے گئے، خواتین کی نشستوں پر بتول جنجوعہ، سائرہ رضا اور فوزیہ عباس کو ڈیکلیریشن جمع کرانے کی ہدایت کی گئی جبکہ اقلیتی نشستوں پر حبکوک گل اور سیموئیل یعقوب کو ڈیکلریشن کےلئے آگاہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کے منحرف رکن اسمبلی فیصل نیازی کا حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کا اعلان