پٹرول پر 5 روپے فی لیٹر لیوی ٹیکس عائد

Jul 01, 2023 | 11:32:AM

(ویب ڈیسک) حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط کو پورا کر دیا،حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر عمل کرتے ہوئے پٹرول پر 5 روپے فی لیٹر اضافی پٹرولیم ڈیویلپمنٹ لیوی ٹیکس عائد کر دیا ۔

پٹرول پر ڈیویلپمنٹ لیوی 50 روپے کے بجائے 55 روپے وصول کی جائے گی،وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈیویلپمنٹ لیوی میں اضافہ نہیں کیا گیا، ہائی سپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 50 روپے فی لیٹر وصول کی جائے گی۔

خیال رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے سٹاف لیول معاہدہ کر لیا ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کا 3 ارب ڈالرز سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہوا ہے۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نےگزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا تھا،اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا، پیٹرول کی قیمت برقرار رہے گی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ اوگرا نے پوری کوشش کی کہ حکومت اور وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق جتنی کم از کم قیمت میں اضافہ کرسکیں وہی کریں اور اس کے نتیجے میں پیٹرول کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جا رہا اور موجودہ قیمت برقرار رہے گی۔

 اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمت میں اگلے پندرہ روز کیلئے معذرت کے ساتھ ساڑھے سات روپے کا اضافہ حکومت نے اوگرا کی جانب سے تجویز کے مطابق منظور کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  ڈرائیونگ لائسنس  بنوانے والوں کیلئے خوشخبری

دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے اضافہ کیا گیا ہے لیکن مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت کا اعلان ابھی نہیں کیا،مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمتوں کا اعلان کل متوقع ہے۔پیٹرول پر لیوی 5 روپے اضافے کے بعد سے 55 روپے ہو گئی،ڈیزل پر لیوی 50 روپے فی لیٹر برقرار ہے۔

 پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں میں ردو بدل کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گا۔

مزیدخبریں