دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں،محسن نقوی

Jul 01, 2024 | 12:05:PM

(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ و سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ اتحاد اور اتفاق سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

وزیر داخلہ نے ضلع خیبر کی پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے دونوں سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز نے اپنی جان دے کر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا، دونوں کی لازوال قربانی کو قوم یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے دونوں جوانوں کی بہادری پر ناز ہے، خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کے جری افسروں و جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کی قربانیوں کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی۔

مزیدخبریں