پی ٹی آئی میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں ،بیرسٹر گوہر

Jul 01, 2024 | 13:06:PM

(24نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے  کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی فاروڈ بلاک نہیں ہے ،صرف بانی پی ٹی آئی کا بلاک ہے،اختلاف رائے سب کا ہوتا ہے ہم بانی پی ٹی کے مشورے سے چیزیں آگے لے کر جارہے ہیں۔

سپریم کورٹ کے باہر  میڈیا سےگفتگو  کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہر  بندہ اختلاف کرتا ہے جو اس کا حق ہے،عمر ایوب واقعہ کو شیر افضل مروت کے حوالے سے غلط رپورٹ کیا جارہا ہے۔فواد چودھری کے ساتھ اچھا وقت گزرا ہے۔اچھے لوگ اچھے الفاظ کا چناؤ کرتے ہیں۔

 دوسری جانب پی ٹی آئی اقلیتی ونگ  کے صدر لال ملہی نے سپریم کورٹ کے باہر  میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ مخصوص نشستیں نہ دینا دھاندلی کو برقرار رکھنے کے مترادف ہے۔

لال ملہی کا کہنا تھا کہ ہم اقلیتی ونگ پی ٹی آئی کی جانب سے بات کررہے ہیں،آج مخصوص نشستوں کے حوالے سے اہم  سماعت ہے،  پوری دنیا  کہہ رہی ہے الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے،مخصوص نشستیں نہ دینا دھاندلی کو برقرار رکھنے کے مترادف ہے۔بلے کا نشان بھی پی ٹی آئی سے چھین لیا گیا ہے، ہمیں کہا جارہا ہےفیصلے آئین کے مطابق ہورہے ہیں،پاکستان میں مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔

 علاوہ ازیں سابق سینیٹر فیصل جاوید نے سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ  بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ ان کی اکنامک پالیسی ان کو ہی فائدہ دے گی ،آج مالی سال کا پہلا دن ہے اور عوام پر پٹرول بم گرا دیا ۔تنخواہ دار طبقہ ٹیکسز کے بوجھ تلے دب گیا ہے،کرائے سمیت ہر چیز کی قیمتیں بڑھ گئیں ، ابھی یہ بجٹ کا پہلا دن ہے،انہوں نے اپنی جیبیں بھرنی ہیں ، یہ ہر بار امیر ترین ہوتے جاتے ہیں ۔

 ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں کورونا کے باوجود ملک ترقی کررہا تھا ،آج جو پٹرول اور ڈالر کی قیمت ہے ، ہمارے دور میں سو گنا کم قیمتیں تھیں، لوگوں سے سوال کریں کہ مہنگائی میں کیسے گزارا ہورہا ان کا۔ آج مہنگائی کا جو عالم ہے ، عوام اس صورتحال میں اعتماد نہیں کررہی ۔8 فروری کو عوام نے بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیے،عوام بانی پی ٹی آئی پر اعتماد کرتے ہیں،عوام جس کو ووٹ دے ادھر جانے دیا جائے ،مخصوص نشستوں میں بھی ان کا حق بنتا ہے جن کو ووٹ دیا گیا۔موجودہ حکومت پر عوام کا اعتماد نہیں ہے ، حکومت چھوڑ دینی چاہیے،اکنامکس منجمنٹ یہ ہے امیر پر ٹیکس عائد کیا جائے۔ امید ہے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی یا سنی اتحاد کونسل کو ملیں گی۔

مزیدخبریں