قرض میں دبی پنجاب حکومت کی شاہ خرچیاں،سرکاری افسران کے میس کی تزئین و آرائش پر کروڑوں لٹا دئیے

Jul 01, 2024 | 16:27:PM

علی رامے

(علی رامے) قرضوں کی دلدل میں دبے  پنجاب کے افسران کیلئےپُرتعیش سہولیات, پنجاب کے سرکاری افسران کے میس کی تزئین وآرائش پر حکومت کی شاہ خرچیاں، میس کی سجاوٹ کی لاگت چار کروڑ سے 1 ارب 11 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔

جی او آر ون میں سرکاری افسران کیلئے بنائے گئے آفیسر میس کی پچھلے سال سے تزئین و آرائش جاری ہے جس کی لاگت میں چوتھی بار اضافہ ہوا ہے، ورکس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے جی او آر ون پی کام کی تزئین و آرائش کیلئےمزید 48 کروڑ روپے مانگ لیے ہیں، پی کام کی تزئین وآرائش پرجاری کام میں تبدیلیوں کے باعث لاگت میں اضافہ ہوا۔

 ذرائع کے مطابق افسران کیلئے بنائے گئے میس اورکمروں کی لائٹس اور پردے تبدیل کیے جائیں گے، جدید سیلنگ کیساتھ فینسی لائٹس اور گیسٹ رومز کی تعمیر و مرمت پر کروڑوں روپے کا فنڈ خرچ کیا جارہا ہے، سرکاری افسران کی ریفریشمنٹ کیلئے بنائے گئے پی کام کی تزئین وآرائش پر پہلے 4 کروڑ 90 لاکھ روپے کا تخمینہ تھا، لیکن تعمیراتی کام میں تبدیلی کے باعث پراجیکٹ کی کاسٹ میں ترامیم کی گئیں تو منصوبے کی مجموعی لاگت 1 ارب 11 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم ڈیلرزکا ملک گیر ہڑتال کا اعلان

مزیدخبریں