زیارت اور تربت میں چیک پوسٹوں پر حملے، 4 ایف سی اہلکار شہید ،5 دہشت گرد ہلاک

Jun 01, 2021 | 12:39:PM

(24 نیوز)صوبہ بلوچستان کے شہروں زیارت اور تربت میں دہشتگردوں کی جانب سے ایف سی اہل کاروں پر حملوں کے دو مختلف واقعات میں 4 ایف سی  اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کا پہلا واقعہ زیارت کے علاقے پیر اسماعیل پیش آیا جس میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کی چیک پوسٹ  پر حملہ کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 7 سے8دہشت گرد زخمی ہوگئے۔ دہشتگردوں سے مقابلے میں ایف سی کے 4 جوان شہید اور 6 جوان زخمی ہوگئے۔

دہشت گردی کا دوسرا واقعہ تربت میں پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے ایف سی کی گاڑی کو خود ساختہ دیسی بارودی مواد سے نشانہ بنایا، نتیجے میں دو ایف سی اہل کار زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ریاست مخالف عناصر اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں، مشکلات سے حاصل کئے گئے امن اور بلوچستان کی خوش حالی کو دشمن کے خفیہ ادارے نقصان نہیں پہنچاسکتے، سیکیورٹی فورسز اپنی جانوں اور خون کا نذرانہ دے کر اسی طرح کے مذموم ارادوں کو ناکام بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برازیل:ناکام کورونا پالیسی پر صدر   گیل بولسونارو کے مواخذے کا مطالبہ


 

مزیدخبریں