لاہور ہائیکورٹ نے سیف سٹی چالان کوغیر قانونی قرار دے دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے سیف سٹی چالان سے متعلق دائر درخواست پر فیصلہ سنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے سیف سٹی چالان کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے، عدالت نے سیف سٹی ای ٹکٹنگ چالان کی خلاف تمام درخواستیں سماعت کے لئے منظور کرلی ہیں۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر کیمروں سے ای چالان نہیں کیا جاسکتا۔
یہ بھی پڑھیں:عمران کو گرفتار کرکے حکومت اپنی موت کو دعوت دے گی: پرویز الٰہی
اس سے قبل مارچ میں ہونے والی سماعت کے موقع پر لاہور ہائی کورٹ نے سیف سٹی کیمروں سے کیے جانے والے ای چالان پر سوالات اٹھاتے ہوئے استفسار کیا تھا کہ قانون بنا نہیں تو اتھارٹی ای چالان کس طرح کر رہی ہے؟۔
لاہور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرگاڑی کو کیسے بند کیا جاسکتا ہے ؟ ڈرائیور کے جرم کی سزا گاڑی کے مالک کو کیسے دی جاسکتی ہے ؟ عدالت کا مزید کہنا تھا کہ قانون سازی کے بغیر اس طرح کے اقدامات غیر قانونی ہیں۔
واضح رہے کہ سیف سٹی اتھارٹی نے ٹریفک سگنلز پر کیمرے اور سنسرز لگا رکھے ہیں، جن سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خودبخود چالان ہو جاتا ہے اور چالان گاڑی مالک کے گھر پہنچ جاتا ہے۔
شہریوں کو شکایت تھی کہ لاہور میں ایک گاڑی کے سیکڑوں چالان کیے جاتے ہیں، اور اس نظام کے تحت زمینی حقائق کو مدنظر نہیں رکھا جاتا اور جرمانہ ہو جاتا ہے، جن کے درجنوں چالان ہوگئے ہیں اور جرمانے ادا نہیں کیے گئے آئے روز ٹریفک پولیس ایسی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کرتی ہے۔