(24 نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان مذہبی ، ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں ،پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،ترکی کے دشمن کو پاکستان کا دشمن سمجھتے ہیں۔ دفاعی شعبے میں دونوں ملکوں کا تعاون قابل ستائش ہے،مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بلندیوں پر لے جائیں گے۔
انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردگان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ گرمجوش استقبال پر ترک قیادت کا مشکور ہوں،ترکی پاکستان کے دوسرے گھر جیسا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی ، ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں ،پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ ترک صدر سے سستی بجلی کی فراہمی پر بات چیت ہوئی ہے،ترک صدر سے مذاکرات اور ملاقات انتہائی مثبت رہی،دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت میں آئندہ ملاقات ستمبر میں اسلام آباد میں ہوگی۔
وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ تجارت ،سرماریہ کاری کے حوالے سے مفید مذاکرات ہوئے ،مختلف شعبوں میں ترک سرمایہ کاروں نے دلچسپی کااظہار کیاہے،ان کا کہناتھا کہ دفاعی شعبے میں دونوں ملکوں کا تعاون قابل ستائش ہے،مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بلندیوں پر لے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کے عوام مسئلہ کشمیر پر ترکی کے واضح موقف پر مشکور ہیں ، پاکستان امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن کیلئے کام کرتا رہے گا،بھارت نے مقبوضہ وادی کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی، پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا،انہوں نے کہاکہ پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے ،افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے پاکستان نے متعدد اقدامات کئے ہیں ، ستمبر میں ترک صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، ترک صدر