(ویب ڈیسک) روس یوکرین میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ یوکرین کے دارالحکومت کیئف میں حکام نے جمعرات کو بتایا ہے کہ شہر کے مشرقی علاقوں میں رات گئے ہوئے تازہ فضائی حملے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
کیئف کی فوجی انتظامیہ نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ اس حملے میں ہلاک ہونے والوں میں دو بچے شامل ہیں جس نے دارالحکومت کے مشرقی مضافات میں واقع یسنیاسکی ضلع کو نشانہ بنایا۔
یہ حملہ دنیپرو کے علاقے میں بھی ہوا جو شہر کے مرکز سے قریب ہے۔ رواں ماہ دارالحکومت پر یہ اٹھارواں حملہ ہے۔
فوجی انتظامیہ نے بتایا کہ دونوں علاقوں میں سات افراد زخمی ہوئے۔
سوشل نیٹ ورکس پر پوسٹ کی گئی جائے وقوعہ کی تصاویر میں ریسکیو ٹیموں کو عمارتوں کے رہائشیوں کی مدد کرتے ہوئے اور باہر سڑکوں پر ٹوٹا ہوا عمارتی سامان دکھایا گیا ہے۔
مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا کے مطابق دارالحکومت میں حکام نے ایک گھنٹہ قبل ممکنہ حملے کی وارننگ دی تھی۔