پٹرول کی قیمتوں میں نامناسب کمی کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

Jun 01, 2024 | 11:16:AM

(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش کے باوجود پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی نہ کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں درخواست اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی،درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی ہوئی، وزیراعظم نے پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کی سفارش کی۔

دائر درخواست میں کہا گیا کہ وزارت خزانہ نے وزیراعظم کی سفارش مسترد کر کے غیر قانونی اقدام کیا،درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت وزارت خزانہ کو وزیراعظم کی سفارش کے مطابق پٹرول کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔

یادرہے کہ گزشتہ رات وزارت خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔
 دوسری جانب  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک نہ پہنچ سکے، ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کچھ کمی نہیں کی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود بسوں کے کرائےکم نہ ہوسکے، جنرل بس سٹینڈبادامی باغ لاہور سے دیگرشہروں کوجانے والےشہری زائدکرایوں سے پریشان ہیں۔

 شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک ماہ میں دو بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرایہ کم نہ ہو سکا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر کرایہ بڑھا دیا جاتا ہے۔

 شہریوں نے حکام سے استدعا کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کے تناسب سے کرایوں میں بھی کمی کروائی جائے۔

مزیدخبریں