( عبدالخالق مغیری)کراچی میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہو گیا۔
شہر قائد میں آج صبح کی شفٹ میں انگریزی جبکہ دوپہر کی شفٹ میں فزکس کا پرچہ ہو گا،امتحانات میں 1 لاکھ 39 ہزار سے زائد طلباء و طالبات شریک ہوں گے جبکہ صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 180 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
چیئرمین انٹر بورڈ نسیم میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں 26 سینٹرز کو حساس قرار دیا گیا، جہاں رینجرز تعینات ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ امتحانات میں شفافیت کے لیے پہلی دفعہ کاپیوں میں کیو آر کوڈ کا فیچر بھی ڈالا ہے، پرچہ آؤٹ ہونے کی صورت میں پتہ چل جائے گا کس امتحانی مرکز سے آؤٹ ہوا۔
نسیم میمن کا کہنا ہے کہ دوران امتحان کے الیکٹرک سے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی بات کی ہے، امتحانی مراکز میں کسی قسم کی ڈیوائس، موبائل فون یا نقل کا مواد لانے پر پابندی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آندھی، گرج چمک کیساتھ بارش، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ ہے، امتحانی مراکز کے اطراف فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی، امتحانات کے دوران موبائل فون لانے پر ضبط کر لیا جائے گا۔
دوسری جانب نقل مافیہ کی جانب سے واٹس ایپ گروپ کے ذریعے سوالات کے جوابات حل کرانے میں سرگرم ہے جبکہ تعلیمی بورڈ نقل روکنے میں مکمل ناکام ہے۔
لاڑکانہ میں تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام آج گیارہویں جماعت کے فزکس کا پرچہ لیا جارہا ہے,گیارویں جماعت کے فزکس کا پرچہ بھی واٹس ایپ گروپ کے ذریعے آوٹ ہوگیا تھا۔