(24نیوز)امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے آغاز پر پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
امریکا اور ویسٹ انڈیز میں آج سے ٹی20 ورلڈکپ کا آغاز ہونے جارہا ہے، افتتاحی میچ میں میزبان امریکا اور کینیڈا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جب کہ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ میزبان امریکا کے خلاف 6 جون کو کھیلے گا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ٹی20 ورلڈکپ سے متعلق ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے پیار اور جنون پایا جاتا ہے، گرمیوں میں بھی یہاں ہر جگہ کرکٹ کھیلی جاتی ہے۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ کھیلوں کیلئے محبت پاکستان اور امریکا میں مشترکہ ہے، امریکا پہلی بار کرکٹ ورلڈکپ کی میزبانی کررہا ہے ۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ میں نے پاکستانی کرکٹ کھلاڑیوں سے بیٹنگ اور باؤلنگ کے گر سیکھے، مجھے امید ہیں ہمیں ورلڈکپ میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بابراعظم اور قومی ٹیم کو امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔