پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 53 کھرب 90 ارب ہوگا

Jun 01, 2024 | 13:07:PM

(علی رامے)  پنجاب کے آئندہ مالی سال 2024-25 کے بجٹ کا حجم 53 کھرب 90 ارب ہوگا اور ٹیکسوں کی مد میں عوام پر ایک ہزار ستائیس ارب روپے کا بوجھ ڈالا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 53 کھرب 90 ارب ہوگا، وفاق سے پنجاب کو 37 سو ارب روپے ملنے کا امکان ہے، ذرائع آمدن کی مد میں پنجاب میں محصولات کا ہدف 1ہزار 27 ارب روپے ہوگا، تنخواہوں کی مد میں 597 ارب اور پینشن کی مد میں 447 ارب روپے رکھے جائیں گے، سروس ڈلیوری پر اخراجات کا تخمینہ 8 سو 41 ارب روپے ہوگا، ترقیاتی بجٹ کا حجم 800 ارب روپے تک مختص کرنے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرول کی قیمت میں نامناسب کمی کرنا وزارت خزانہ کو مہنگا پڑ گیا

رمضان پیکج کے لیے 30 ارب، سی بی ڈی کو 8 ارب روپے، تعلیم کے لیے 600 ارب اور صحت کے لیے 406 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، وزیر اعلیٰ روشن گھرانہ کے لیے 9 اعشاریہ 8 ارب، اپنی چھت اپنا گھر کے تحت 7 ارب، گرین پاکستان انشیٹیو کے لیے 40 ارب، صحافیوں کے لیے ایک ارب روپے کا اینڈونمنٹ فنڈ بھی رکھا گیا ہے۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ٹیکس کی مد میں 300 ارب، بورڈ آف ریونیو کے لئے 105 ارب، ایکسائز کی مد میں 55 ارب روپے کا ہدف مقرر ہوگا، بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے لیے 121 ارب روپے رکھے جائیں گے، غیر صوبائی محاصل میں پنجاب کا ہدف 558 ارب روپے ہوگا، پنجاب میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ وفاق کے فیصلے سے مشروط ہوگا۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت وفاق کے بعد اپنا بجٹ پیش کرے گی۔

مزیدخبریں