ہم اپنی جنگ خود لڑیں گے، گورنر پنجاب چودھری سرور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہم اپنے بل بوتے پر سینٹ الیکشن لڑیں گے۔ (ن) لیگ سے کوئی بھی خفیہ ڈیل نہیں ہو رہی، اب اس ملک میں جو کچھ ہوگا وہ سب کے سامنے ہی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئےچودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ پنجاب میں تمام سینٹرز کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا کریڈٹ سیاسی جماعتوں کو جاتا ہے اور یہ جمہوریت کیلئے خوش آئند ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ جہاں تک یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کے درمیان مقابلے کا تعلق ہے تو اس میں پنجاب کے ساتھ ساتھ باقی صوبوں کے اراکین قومی اسمبلی نے بھی ووٹ دینا ہے اور جیت تحریک انصاف کی ہوگی۔
چودھری سرور نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لوگ بھی تین مارچ کو فیصلہ دیکھ لیں گے۔ (ن) لیگ کے ساتھ کسی قسم کی خفیہ ڈیل کے متعلق سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج کسی جماعت کو سپورٹ نہیں کر رہی ، وہ 22 کروڑ پاکستانیوں کی فوج اور مکمل طور پرغیر جانبدار ہے۔
جہاں تک سینٹ الیکشن کا تعلق ہے تو تحریک انصاف سینٹ الیکشن اپنے بل بوتے پر لڑے گی۔ اس میں تحریک انصاف اور اتحادی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔