اپوزیشن جماعتوں نے ہمارے ارکان خریدنے کی کوشش کی : کامران بنگش
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کامران بنگش نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے ہمارے ارکان اسمبلی سے رابطے کیے اور پیسے دینے کی آفر کی، باضمیر ارکان نے پیشکش کے متعلق قیادت کو آگاہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کامران بنگش نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نیشنل پارٹی نے ہمارے امیدواروں سے رابطوں کی کوشش کی، تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی نے رابطوں سے متعلق رپورٹ کر دیا، بہت جلد حقائق سامنے لائیں گے، کرپٹ ذہنیت کے لوگوں سے متعلق سب کو بتائیں گے۔
ادھر وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر دباؤ نہیں ڈال سکتے، صرف درخواست کرسکتے ہیں، الیکشن کمیشن عدالتی رائے کی روشنی میں ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئےشفافیت یقینی بنائے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نظریئے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے ن لیگ کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنے منشا کے مطابق فیصلے چاہتی ہے، یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے کے لئے اتحادی جماعتوں میں اختلافات ہیں۔