پلوشہ خان سینٹ الیکشن کیلئے اہل قرار

Mar 01, 2021 | 12:31:PM

(24 نیوز) پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان کو سینٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کی سینٹ کی امیدوار پلوشہ خان کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں سینٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا ہے، جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کےخلاف درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر  نے استفسار کیا  کہ کاغذات نامزدگی میں کیا خامیاں ہیں ہمیں مطمئن کریں، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ غیرقانونی طور پر پلوشہ خان کا ووٹ پنجاب سے سندھ منتقل ہوا۔عدالت نے کہا کہ اگر ووٹ پنجاب سے سندھ ٹرانسفر ہوا تو خلاف قانون کیا ہے؟ عدالت نے پلوشہ خان کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے سینٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف دائر درخواست پر درخواست گزار قادر خان مندوخیل کی غیر حاضری کے باعث سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ فیصل واوڈا پر دہری شہریت چھپانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

مزیدخبریں