(24نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات اور پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے عدالتی فیصلہ پی ڈی ایم کی اخلاقی و قانونی فتح ہے۔سینٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کے بعد اب صدر مملکت بھی آرڈیننس فیکٹری بند کر دیں۔
سپریم کورٹ کی صدارتی ریفرنس پر سامنے آنے والی رائے پر ردعمل دیتے ہوئے ناصرحسین شاہ نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے نااہلی چھپانے کے لیے ریاستی اداروں کو آپس میں لڑوانےکی کوشش کی۔ ایوان صدر کی بھی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کی رائے کا خیر مقدم کرتے ہیں، کہ نااہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں کو ایک بار پھر قانونی محاذ پر شکست ہوئی، حکمرانوں کی ضد نے ناصرف عدالتوں کا وقت تباہ کیا بلکہ قوم کو بھی پریشان کیا، الیکشن کمیشن کے این اے 75 کے فیصلے سے بھی اپوزیشن کے مؤقف کی فتح ہوئی، آئین اور قانون کے مطابق فیصلوں سے ملک مضبوط اور مستحکم ہو گا۔