(24 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صدر آصف زرداری اور وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف نااہلی کیسز کی سماعت کی۔عدالت نے آصف زرداری اور فواد چوہدری کے خلاف کیسز میں سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے رائے طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کے دوران سوال کیا کہ کیا پارلیمنٹ میں ایسے کیسز حل کرنے کا کوئی فورم موجود نہیں؟ اگر فورم موجود نہیں تو کیا اس پر کوئی قائمہ کمیٹی بنائی جاسکتی ہے؟۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پارلیمنٹ کا کام تھا کہ ایسے معاملات عدالتوں میں نہ آئیں، ایسے سیاسی کیس عدالت آنے سے نقصان عدلیہ کا ہوتا ہے، جس پارٹی کے خلاف فیصلہ آئے وہ عدلیہ کے خلاف مہم چلاتی ہے۔عدالت نے کہا کہ ایک وزیر کو ہم نے نااہل قرار دیا، وہ سپریم کورٹ سے بحال ہوگئے، اس دوران ان کے حلقے کے عوام اسمبلی میں نمائندگی سے محروم رہے۔چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کے کیس الیکشن کمیشن کو بھی بھجوائے، یہ پارلیمنٹ کا کام ہے کہ اسطرح کے معاملات عدالتوں پر نہ چھوڑے۔عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 اپریل کو عدالتی معاونت کی ہدایت کردی۔یاد رہے کہ سابق صدر آصف زرداری کی نااہلی کیلئے تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار اور خرم شیر زمان نے درخواست دی تھی جبکہ وفاقی وزیر فواد چوہدری کی نااہلی کے لئے نجی ٹی وی اینکر نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔