سندھ ہائیکورٹ نے نیب کو قائم علی شاہ کی گرفتاری سے روک دیا

Mar 01, 2021 | 15:00:PM

(24 نیوز)نیب نے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو غیرقانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے معاملےپر کال اپ نوٹس بھیج دیا تاہم عدالت نے نیب کو قائم علی شاہ کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے خلاف ایک اور انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے غیرقانونی بھرتیوں پر ان کو کال اپ نوٹس بھیج دیا ۔جس کے بعد قائم علی شاہ نےگرفتاری سے بچنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ درخواست ضمانت دائر کردی اور جس میں مؤقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے میری گرفتاری کاخدشہ ہے لہذا ضمانت دی جائے۔بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ، بیریسٹر ضمیر گھمرو نے عدالت کو بتایا نیب نے محکمہ اطلاعات میں غیر قانونی بھرتیوں پر قائم علی شاہ کو کال اپ نوٹس بھیجا ہے، جن بھرتیوں کی انکوائری نیب کر رہا ہے انکو عدالتی حکم پر ریگولر کیا گیا تھا۔عدالت نے غیر قانونی بھرتیاں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے معاملے پر سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی ایک اور نیب انکوائری میں عبوری ضمانت منظور کرلی ہے،عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ  کی ایک لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک نیب حکام کو گرفتاری سے روک دیا جبکہ درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اپریل تک جواب طلب کرلیا ہے۔

 
 

مزیدخبریں