(24 نیوز)خاتون اول بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ پناہ گاہیں بنانا لوگوں پر احسان نہیں انکا حق ہے، انسانیت کی خدمت سے اللہ تعالیٰ راضی ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خاتون اول نے داتا دربار کے قریب پناہ گاہ کا اچانک دورہ کیا، پناہ گاہ میں قیام پذیر افراد سے سہولتوں بارے استفسار کیا۔ ان کے دورے سے حکومت پنجاب اور ضلعی حکومت کے حکام مکمل لاعلم رہے۔
خاتون اول نے دورے کے دوران پناہ گاہ میں قیام پذیر افراد سے قیام اور کھانے کے حوالے سے سہولتوں بارے استفسار کیا۔ خاتون اول نے مجموعی طور پر پناہ گاہ میں فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
خاتون اول نے انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کھلے آسمان تلے سونے والے افراد کو چھت فراہم کی۔ یہ ان لوگوں پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔ اللہ تعالیٰ نے صلہ رحمی کا حکم دیا ہے۔ پناہ گاہوں میں مقیم لوگوں کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پناہ گاہوں کی مرمت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیں گے۔
خاتون اول نے پناہ گاہ میں کھانا بھی کھایا اور اس کی تعریف کی۔ انہوں نے وہاں موجود لوگوں سے مسائل پوچھے۔ لوگوں نے مسائل کے حل پر خاتون اول کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے قائم پناہ گاہوں کا وزیراعلیٰ، صوبائی وزرا اور وفاقی حکومت کے نمائندے اچانک دورہ کرکے سہولتوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ خاتون اول نے بھی وزیراعظم کے ویژن کے تحت قائم پناہ گاہ میں خود تمام امور کا جائزہ لیا۔