لاہور میں بڑی بیٹھک۔وزیر اعظم چودھری برادران کے گھر سے خوشی خوشی واپس

Mar 01, 2022 | 18:51:PM

(24نیوز)وفاقی کابینہ کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں منگل کا دن بہت مصروف گزارا۔موجودہ گرم سیاسی صورتحال کے روشنی میں ان کی مصروفیات میں سب سے اہم بات چودھری برادران کے گھر جانا ہے۔
واضح رہے کہ آجکل اپوزیشن عمران حکومت کے خلاف کھل کر کھیل رہی ہے۔پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ شروع کر رکھا ہے۔مسلم لیگ ن تحریک عدم اعتماد کیلئے نمبر پورے کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔تحریک عدم اعتماد کی باتیں زبان زد عام ہیں۔اسی تناظر میں شہباز شریف  ،مولانا فضل الرحمان اور جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق چودھری برادران کے گھر جا چکے ہیں۔جبکہ چودھری پرویز الٰہی وفد کے ساتھ بلاول ہاﺅس جا کر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات کر چکے ہیں۔
منگل کو جب وزیر اعظم عمران خان ،وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر رفقا کے ہمراہ جب چودھری برادران کے گھر پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ 
 چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اورکہا کہ میں دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جلد مکمل صحت یابی عطا فرمائے۔ چودھری شجاعت حسین نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزرا عبدالرزاق داؤد، فواد چودھری، مخدوم خسرو بختیار، شفقت محمود، حماد اظہر اور عامر ڈوگر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔ ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الٰہی کے علاوہ شافع حسین، راسخ الٰہی اور منتہا اشرف، محمد خان بھٹی بھی موجودتھے۔
 مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق ملاقات میں چودھری برادران نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی کہ ایسی کوئی وجہ نہیں کہ ہم حکومت کا ساتھ چھوڑ دیں ہم آپ کے ساتھ ہی مل کر سیاست کرینگے۔وزیر اعظم نے مشکل وقت میں ساتھ دینے پر چودھری برادران کا شکریہ ادا کیااور اپنے دورہ روس کے حوالے سے آگاہ کیا۔جس پر چودھری شجاعت نے کہا کہ آپ کے دورہ روس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے عوام بہت پریشان ہیں۔اس کا کچھ کریں جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ میرے بس ہوتو میں کچھ کرنا چاہتا ہوں۔پٹرول اور بجلی کی قیمتیں اسی لئے کم کی ہیں۔جس کے بعد وزیر اعظم واپس چلے گئے۔چودھری پرویز الٰہی نے خود باہر آکر وزیر اعظم کو رخصت کیا۔اس موقع پر عمران خان اور چودھری پرویز الٰہی کے درمیان مختصر گفتگو بھی ہوئی ،ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف کی طرف سے ہمیں جو سیاسی پیشکش کی گئی ہم نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔ اسکے بعد  وزیر اعظم دورہ لاہور ختم کر کے واپس اسلام آباد چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں۔تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا۔۔ فارن فنڈنگ کیس کے چشم کشا حقائق سامنے آگئے


 

مزیدخبریں