(فرزانہ صدیق) سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 21 نامزد رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس اور ہائی کورٹ آمد پر ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں پولیس نے تھانہ رمنا میں دو مختلف مقدمات درج کرلئے۔
پولیس کی جانب سے درج کئے گئے دو مختلف مقدمات میں پی ٹی آئی کے 250 نامعلوم کارکنان بھی شامل ہیں۔ مقدمے میں دہشگردی، کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری اہلکاروں سے مزاحمت کی دفعات شامل ہیں۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان ہجوم نما پراشتعال لشکر کو لے کر جوڈیشل کمپلکس اور ہائی کورٹ پہنچے، کارکنان نے ہاتھوں میں اسلحہ، ڈنڈے اور جھنڈے پکڑ رکھے تھے۔
متن میں مزید کہا گیا کہ ہجوم عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی قیادت میں جوڈیشل کمپلیکس میں داخل ہوگیا، ہجوم نے احاطہ عدالت میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے لوگوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، سیف کیمروں، بینچز سمیت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔
واضح رہے راجہ خرم، مراد سعید، علی نواز، عامر کیانی، فرخ حبیب، غلام سرور خان، راجہ بشارت، شہزاد وسیم، شبلی فراز، کرنل عاصم، میجر طاہر صادق اور حماد اظہر کے نام بھی مقدمے میں شامل ہیں۔