(24 نیوز )’’پی ایس ایل ہنگامہ‘‘ میں سابق قومی کرکٹر محمدیوسف کا کہنا تھا کہ اس پی ایس ایل کی یہ بہت بڑی بات ہے کہ ہمیں اچھے بیٹسمین مل رہے ہیں۔حسیب اللہ جیسے کھلاڑیوں کی شکل میں قومی ٹیم کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 8 کے 17ویں میچ میں محمد عامر کی تباہ کن بولنگ کے بعد پشاور زلمی نے شاندار کم بیک کیا اور 197 رنز بنا ڈالے، کراچی کنگز 24 رنز سے شکست کھاگئی۔’’پی ایس ایل ہنگامہ‘‘ میں تجزیہ کرتے ہوئے سابق قومی کرکٹر سلیم ملک کا کہنا تھا کہ میں نے میچ سے پہلے ہی کہا تھا کہ 200 تک کا ہدف دیں گے تو کچھ ہوگا زلمی کا، اور جب شروع میں ہی 3 وکٹس گر جائیں، ایسے موقے پر حسیب اللہ جیسے ایک نئے ابھرتے ہوئے کھلاڑی کا پریشر میں آکر ایسا کھیل جانا قابل تعریف ہے، اس کے بغیر پشاور میچ نہیں جیت سکتا تھا۔ہماری قومی ٹیم میں اگر دیکھیں تو 5ویں نمبر پر آکر پریشر میں بیٹنگ کرنے والے اچھے کھلاڑی کا خلا موجود ہے ، جو ہو سکتا ہے یہ کھلاڑی دور کر سکے۔
سابق قومی کرکٹر محمد یوسف کا کہنا تھا کہ حسیب نے میچ جس طرح کھیلا، اس کو مین آف دی میچ کیوں نہیں دیا، میری سمجھ سے باہر ہے۔جب ایک جوان کھلاڑی اس طرح کھیلے اس کا حوصلہ افضائی کے لئے اس کو دینا چاہیئے تھا۔ اس پی ایس ایل کی یہ بہت بڑی بات ہے کہ ہمیں بالرز کے ساتھ اچھے بیٹسمین مل رہے ہیں۔حسیب اللہ جیسے کھلاڑیوں کی شکل میں قومی ٹیم کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے۔
سابق فاسٹ بالر محمد آصف کا کہنا تھا کہ محمد عامر نے آج اپنی کلاس شو کی ہے، کراچی کنگز میچ ہارے لیکن جس طرح کی تباہ کن بولنگ عامر نے کی اس کی جتنی تعریف کریں کم ہے۔ لیکن پشاور زلمی نے آج اپنی ٹیم میں تبدیلی کی اور بینچ کھلاڑیوں کو کھلایا تو دیکھیں ایک ابھرتا ہوا کھلاڑی حسیب نظر آیا جو مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کر سکتا ہے۔