(24نیوز) کراچی کے علاقے سرجانی شاہ میں گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 12 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق چھت گرنے کا واقعہ کراچی کے علاقے سرجانی شاہ بیگ گوٹھ سیکٹر 10 میں پیش آیا جہاں خستہ حال چھت اچانک گھر میں موجود افراد پر آگری، ملبے تلے دب کر 12 سالہ بچہ موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لاش اور زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں زخمی ہونے والے 3 افراد کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: بہاولپور: مسافر بس بے قابو ہو کر نہر میں جاگری، 1 شخص جاں بحق، 10 سے زائد زخمی
پولیس کے مطابق حادثے کے وقت گھر پر میلاد کی تقریب جاری تھی۔ پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔