(24نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہینِ عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزا سنائی ہے،شہر یار آفریدی کی گرفتاری کیلئے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس قائم ہوا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی فیصلے کی کاپی وزیرِ اعظم پاکستان کو بھجوانے کی ہدایت بھی کر دی،عدالتِ عالیہ نے اپیل کے لیے وقت دیتے ہوئے ایک ماہ تک سزا معطل بھی کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد 1 ماہ کے دوران فیصلے کے خلاف اپیل فائل کریں، 1 ماہ تک اگر عدالت سے فیصلہ معطل نہ ہوا تو انہیں جیل بھجوایا جائے۔
عدالتِ عالیہ کی جانب سے ڈی سی اسلام آباد کو 6 ماہ قید کے ساتھ ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا بھی حکم سنایا گیا ہے۔