رمضان المبارک کے آغاز میں بارشیں ہی بارشیں،الرٹ جاری 

کراچی میں موسم ایک بارپھرتبدیل،دنیا کا 23 واں اورپاکستان کا دوسرا آلودہ ترین شہرقرار

Mar 01, 2025 | 10:18:AM
رمضان المبارک کے آغاز میں بارشیں ہی بارشیں،الرٹ جاری 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اقصیٰ شیخ،اسوہ فاطمہ، کلیم اختر) محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے آغاز میں ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ،پی ڈی ایم اے پنجاب نے اس حوالے سےالرٹ جاری کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں 2 اور 3 مارچ کو  شدید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم خشک اور بالائی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ  بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے ۔

دیر،چترال،سوات اور گردونواح میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے،اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے بارش اورپہاڑوں پر برف باری کابھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات  کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سردی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ سندھ میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیاگیا ہے۔

دوسری طرف کراچی میں آج سے موسم ایک بار پھر تبدیل ہوگا،محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم رہے گا،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31اورکم سے کم درجہ حرارت 18 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت مطلع جزوی ابرآلوداورہلکی خنکی کے ساتھ موسم خوشگوار ہے،موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ مغربی سمت سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے۔

اے کیو آئی کے مطابق شہر کا فضائی معیار مضر صحت ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 23ویں اورپاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق رمضان المبارک میں 2 سے 4 مارچ کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے،مری ،گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر زکو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے،واسا، ریسکیو،محکمہ آبپاشی،لائیو سٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کوبھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

راولپنڈی،جہلم، اٹک، چکوال،سرگودھا،میانوالی،خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔لاہور،شیخوپورہ،حافظ آباد،گوجرانوالہ،گجرات،سیالکوٹ،نارووال،فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

ملتان،ڈیرہ غازی خان،راجن پور،بہاولپور،خانیوال، لیہ ،بھکر ،ساہیوال اور پاکپتن میں بھی بادل برسیں گے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق  شہریوں سے گزارش ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے،ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اعلان

لاہور میں گزشتہ روز ہونے والی بارش سے شہر کی فضا میں خنکی برقرارہے،سرد ہوائیں چلنے سے شہر کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوئی ہے،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23ڈگری تک جانے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 89 فیصد ریکارڈ کیا گیاہے۔

شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 112 ریکارڈکی گئی ہے اورفضائی آلودگی میں لاہور آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے،آلودہ ذرات کی مقدار 105 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈکی گئی ہے۔