(24نیوز) الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے این اے 249 کے ضمنی الیکشن کے حتمی نتائج روکنے کا حکم دے دیااور دوبارہ گنتی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی۔
واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا انتخاب ڈسکہ سے بھی زیادہ متنازعہ بن چکا ہے، سو سے زائد فارم 45 پر دستخط ہی نہیں، آر او سے ڈیٹا مانگا تو انہوں نے درخواست مسترد کر دی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے روز آر او کے پاس گئے، آر او نے کہا میرے پاس تفصیلات نہیں ہیں، ہمیں فارم 45 کا ریکارڈ نہیں دیا گیا، 6 گھنٹے گزرنے کے باوجود کئی پولنگ سٹیشنز کے رزلٹ نہیں آئے تھے۔لیگی رہنما نے مزید کہ الیکشن شفاف نہ رکھا جائے تو سوال کھڑے ہوتے ہیں، 100 سے زائد فارم 45 پر دستخط ہی نہیں ہیں، ہمارے پاس جو ڈیٹا آیا ہے اس میں ووٹ زیادہ ہیں، نتائج میں بے ضابطگیاں ہیں، دوبارہ گنتی کے علاوہ حل نہیں۔
درخواست منظور کرتے ہوے الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں کو نوٹس جاری کر دیئے ۔ 4 مئی کو لیگی رہنما کی درخواست سنی جائے گی۔ لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے چیف الیکشن کمشنر سے این اے 249 میں دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی۔
قبل ازیں مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف میاں شہباز شریف نے بھی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ شہباز شریف نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر این اے 249 میں دوبارہ گنتی کرائیں، یہ ہمار آئینی حق ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سیکشن 95 (5) کا تقاضہ ہے کہ ڈالے گئے ووٹوں کا مارجن 5 فیصد سے کم ہو تو دوبارہ گنتی کرائی جائے۔شہبازشریف نے یہ بھی کہا ہے کہ سیکشن 95 (6) کے تحت مجموعی رزلٹ سے قبل دوبارہ گنتی ہو سکتی ہے، ہمیں امید ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آئین اور شفافیت کے تقاضے یقینی بنائیں گے۔
ادھرمسلم لیگ (ن) نے این اے249 کے ضمنی انتخابات میں ووٹوں کافرانزک آڈٹ کرانے کے لیے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط کے مطابق این اے 249 کے انتخابی نتیجے پر (ن) لیگ کو سخت تحفظات ہیں،انتخاب کا نتیجہ 11 گھنٹے تاخیر سے آیا۔ واضح رہے کہ خط میں درخواست کی گئی ہے کہ جن پولنگ اسٹیشنز سے جاری فارم 45 پر شک ہے ان کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔واضح رہے کہ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر خان مندو خیل کامیاب ہوئے جب کہ (ن) لیگ کے مفتاح اسماعیل دوسرے نمبر پر رہے۔
یہ بھی پڑھیں۔اسد عمر کے بعد چودھری سرور کا ’’وزیراعظم‘‘ کی مدت سے متعلق اہم بیان