(24 نیوز) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کا یوم مزدور پر پیغام، آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی محنت کشوں کی جماعت ہے، پیپلزپارٹی محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی۔
سابق صدر آصف علی زرداری کا مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے محنت کشوں کی ہمیشہ طرفداری کی تھی، پیپلزپارٹی نے لیبر اصلاحات کے ذریعے مزدوروں سے ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا تھا، آج بدترین مہنگائی کی وجہ سے محنت کش طبقہ معاشی بدحالی کا شکار ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت نے وفاق میں بینظیر ایمپلائیز اسٹاک آپشن اسکیم کے تحت سرکاری صنعتی اداروں میں محنت کشوں کو شراکت دار بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج محنت کشوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے
سابق صدر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کے پنشن میں ریکارڈ اضافہ کیا تھا، پیپلزپارٹی دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد محنت کشوں کی مشکلات کو ترجیحی بنیاد حل کریگی، روٹی کپڑا اور مکان پیپلزپارٹی کا منشور ہے، ہم قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے منشور پر عمل پیرا ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا شہید اور والدہ شہید کی طرح محنت کشوں کا ساتھ دینگے، ملک کے تمام محنت کشوں سے درخواست ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیکر ان کے ہاتھ مضبوط کریں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا محنت کشوں کے عالمی دن پر پیغام، وزیر اعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تمام افرادی قوت کو دلی مبارکباد دیتا ہوں اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں، یہ دن ہمیں جبر و استبداد کے خلاف شکاگو کے شہداء کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، محنت کش ہمارے ہیرو ہیں جو رزق حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں، ملک کی تعمیر و ترقی میں محنت کشوں کی بہادرانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمارے دین میں بھی محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے، محنت کشوں کی عظمت کو سلام، ان کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی و کامیابی کے راستے پر نہیں چل سکتی، نگران حکومت نے ورکرز کے لئے کم سے کم اجرت 25 ہزار سے بڑھا کر32ہزار روپے کی ہے، پیداوار کی بڑھوتری کیلئے مزدوروں کو جدید ترین ٹیکنالوجیز سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی متحرک افرادی قوت ہماری ترقی کے پیچھے اصل رفتار ہے، ورکرز اور آجر قومی ترقی کی کوششوں میں برابر کے شراکت دار ہیں۔
اور پڑھیں: ملک میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش، محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی
نگران وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا ہے کہ تیز رفتار، جامع اور پائیدار ترقی کا ہدف صرف محنتی، لگن اور پرعزم افرادی قوت کی وجہ سے حاصل ہو تا ہے، حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے تمام اقدامات اٹھانے کے لیے پرعزم ہے، ہر سال یوم مزدور ہمیں دنیا بھر میں اپنی قوموں کی ترقی و خوشحالی کے لیے محنت کشوں کی قربانیوں اور انمول شراکت کا اعتراف کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، آج ہم محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی اجتماعی بھلائی کیلئے اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
دوسری جانب دنیا بھر کی طرح کراچی میں بھی مزدوروں کی قربانیوں اور ان کے حقوق کو اجاگر کرنے کیلئے آج عالمی یوم مزدور منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف مقامات پر سیمینارز، تقاریب اور ریلیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ’’شہر میں مزدور جیسا در بدر کوئی نہیں، جس نے سب کے گھر بنائے اس کا گھر کوئی نہیں ‘‘ جیسے فلک شگاف نعرے لگائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیا حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کا کوئی نتیجہ نکلے گا؟
واضح رہے کہ ہرسال یکم مئی کو مزدوروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جو شکاگو کے شہداء اور ان کی جبرواستبداد کے خلاف جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، یکم مئی 1886 کو امریکی شہر شکاگو کے مزدور، سرمایہ داروں اور صنعتکاروں کی جانب سے کیے جانے والے استحصال پر سڑکوں پر نکلے، لیکن پولیس نے جلوس پر فائرنگ کر کے سیکڑوں مزدوروں کو ہلاک اور زخمی کیا جبکہ درجنوں کو پھانسی دی گئی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں قومی سطح پر مزدوروں کا دن منانے کا آغاز 1973 میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں ہوا، اس دن کی مناسبت سے ملک کے تمام شہروں میں تقریبات، سیمینارز،کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، یہ دن اس عہد کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ مزدوروں کے معاشی حالات تبدیل کرنے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔