(24نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محنت کشوں کے عالمی دن پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
عالمی یوم مزدور پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ عالمی یوم مزدور پر دنیا بھر کے محنت کشوں کو سلام پیش کرتی ہوں، محنت کش اللہ کے دوست ہیں، اللہ کے دوستوں کو سلام، دین اسلام نے کسب حلال کے لیے محنت کو عظمت کا درجہ اور محنت کش کی عزت کا شعور دیا،انہوں نے کہا کہ محنت کرکے خاندان کا سہارا بننے والی کارکن خواتین کو خصوصاً خراج تحسین پیش کرتی ہوں، محنت کشوں کے حقوق کے شعور کی بیداری پر شکاگو کے شہداء کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، مزدور صنعت وحرفت کے ستارے ہیں اور ہر محنت کش، ہر مزدور ہر کارکن حقیقی ہیرو ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مزدور کا عزم وحوصلہ ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے، دنیا کی ہر عمارت، ہر پل، ہر شاہراہ اور ہر پراجیکٹ میں مزدور کا خون پسینہ شامل ہے، ہم محنت کشوں کے حقوق کے احترام کا عہد کرتے ہیں، حکومت مزدوروں کا معیار زندگی بلند کرنے اور ان کی خوشحالی کے لیے پرعزم ہے،انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کیلئے مناسب اجرت، تحفظ اور احترام یقینی بنانا ہو گا، آئیے مزدوروں اور محنت کشوں کے احترام کے کلچر کو فروغ دیں، ایک ایسا معاشرہ بنانے کی کوشش کریں جہاں ہر محنت کش کی قدر ہو،،ملک کو مسائل سے ہر صورت باہر نکالا جائے گا۔