(24 نیوز)صدر مملکت آصف زرداری سے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ملاقات ہوئی اور قیام امن کیلئے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کیاگیا ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ان دنوں کراچی کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کی اور امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
چینی انجینئرز پر حملہ میں ملوث گرفتار4 دہشتگردوں سے متعلق بھی بریفنگ دی ۔
دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز(سندھ) کا دورہ کیا، ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل اظہر وقاص نے رینجرز ہیڈکوارٹر زپہنچنے پر وفا قی وزیر داخلہ کو خوش آمدید کہا جس کے بعد انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادرچڑھائی اور دْعا کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کو پاکستان رینجرز(سندھ) کی آپریشنل تیاریوں، مشرقی سرحد، سندھ بھر بالخصوص کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن اور کراچی میں امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے صوبے بھر میں دہشتگردی، کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف بھر پور کارروائیوں اور دیگر جرائم کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات اور امن وامان کے قیام کے لیے رینجرز کے کردار کو سراہااور اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ سندھ بالخصوص کراچی کے امن کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔