بیرون ملک تعلیم کے خواہشمند طلبا کیلئے مراکش حکومت کا بڑا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبا کیلئے اہم خبر سامنے آئی ہے، مراکش نے ہائر ایجوکیشن کیلئے سکالرشپس کا اعلان کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق طلباکو مراکش میں انڈر گریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے کی دعوت دے دی گئی ،ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایک بیان کے مطابق ایچ ای سی پورٹل پر مراکش کی سکالرشپ کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 10 مئی (جمعۃ المبارک) مقرر کی گئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ آن لائن اپلائی کرنے کیلئے تمام تر ہدایات پرعملدرآمد یقینی بنائیں۔
ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ ایچ ای سی پر ڈیڈ لائن سے قبل درخواست جمع کرانا ضروری ہے تاکہ طلبہ و طالبات کو اسکالرشپ آسانی سے مل سکے۔ اپلائی کرنے کے ابتدائی مرحلے میں درخواست گزاروں کی جانب سے درخواست کی پرنٹ کی گئی نقول (ہارڈ کاپیز) ضروری نہیں۔
اہلیت کا معیار
پاکستان یا آزاد جموں و کشمیر کے شہری یا ایسے افراد جو پاکستان یا آزاد کشمیر کی مستقل شہریت رکھتے ہوں اپلائی کرسکتے ہیں تاہم دوہری شہریت کے حامل افراد اپلائی کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔
تمام درخواست گزاروں کو مستند ایچ اے ٹی یا یو ایس اے ٹی ٹیسٹ اسکور مہیا کرنا ہوگا جبکہ اس ضمن میں مزید معلومات کیلئے ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کی ویب سائٹ ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔
درخواست گزاروں کی نامزدگی کیلئے اہلیت کا معیار ایچ اے ٹی ٹیسٹ اسکور برائے ماسٹرز / پی ایچ ڈی پروگرامز اور بیچلرز امیدواروں کیلئے یو ایس اے ٹی ٹیسٹ اسکور پر ہوگا۔ ایچ ای سی نامزدگی کیلئے اہلیت کو تبدیل بھی کرسکتا ہے،کسی بھی انڈر گریجویٹ پروگرام کیلئے 12 سالہ تعلیمی پروگرام کی ڈگری ضروری ہے جس میں طلبہ و طالبات کی زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 23 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ متعلقہ شعبے میں ماسٹرز پروگرام کیلئے 16 سالہ تعلیم کی تکمیل ضروری ہے۔
مراکش کی کسی بھی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلے کیلئے متعلقہ شعبے میں 18 سال کی تعلیم مکمل کرنا ضروری ہے جبکہ یونیورسٹی کی جانب سے دیگر شرائط و ضوابط کی تکمیل بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔