(24 نیوز)مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کا ابھی وقت نہیں آیا سیاست میں ہر چیز دائرے میں رہ کر ممکن ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے ڈیرہ غازیخان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاست سنجیدہ شعبہ ہے، سنجیدگی سے کام کرنا ہوتا ہے، حکومت نے اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے میں کسر نہیں چھوڑی۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ گندم، ایل این جی، مالم جبہ اسکینڈل سے بچنے کیلئے آرڈیننس لایا گیا۔مشکل وقت میں ن لیگ کی حکومت عوام کے ساتھ کھڑی رہی، ہم نے کالعدم جماعت کے دھرنوں کو سیاست کی نذر نہیں کیا۔
اپوزیشن لیڈرنے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے مسائل حل کرنے کیلئے شبانہ روز محنت کی، ڈی جی خان میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا گیا، تونسہ میں دانش اسکول ابھی تک مکمل نہیں ہوا، ڈی جی خان میں اسپتالوں کو اپ گریڈ کیا گیا، اینٹوں کے بھٹوں سے بچوں کی جبری مشقت ختم کرائی، آج پھر اینٹوں کے بھٹوں پر بچوں سے جبری مشقت کرائی جاتی ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ بہاولپور میں جدید اسپتال اور رحیم یار خان میں یونیورسٹی بنائی، ہم نے ہزاروں کلومیٹر سڑکیں بنائیں، ن لیگ نے بہاولپور میں سولر انرجی منصوبہ شروع کیا۔
شہباز شریف نے کہاکہ مفاہمت کا بادشاہ بار بار جیل تو نہیں جاتا،پارلیمان میں نون لیگ کو پی پی اور اے این پی کاتعاون حاصل ہے۔ 2013 سے 2018 تک نواز شریف کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی،جنوبی پنجاب کی ترقی، خوشحالی کیلئے نون لیگ کے دور میں بہت کام کئے گئے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے پینے کا پانی ، صحت اور تعلیم کے شعبے میں جنوبی پنجاب میں بہت کام کئے،جنوبی پنجاب میں ہسپتال اور دانش سکول بنائے گئےجبکہ تبدیلی سرکار نے تونسہ میں دانش اسکول تک مکمل نہیں کیا۔
صدرن لیگ کا کہنا تھا کہ ہمارے دورمیں جنوبی پنجاب کے لیے ملازمتوں میں 33 فیصد کوٹہ تھا،اپنے دورمیں لوگوں کی فلاح وبہبود کے لئے انقلابی اقدامات کئے،اطمینان ہے کہ ہم نے جنوبی پنجاب میں لوگوں کی خدمت کی۔
شہبازشریف نے کہاکہ پیپلز پارٹی کو اتحاد میں دوبارہ شامل کرنے کا فیصلہ پی ڈی ایم ہی کرسکتی ہے، ہمارا پارلیمان میں پیپلزپارٹی اور اے این پی سے رابطہ رہتا ہے اور وہ تعاون کرتے ہیں۔حکومت نےاپوزیشن کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، حکومت سمجھ رہی ہے کہ آنے والا وقت اس کے لئے خطرناک ہے،پی ٹی آئی اپنے آپ کو این آر او دینے کے لیے نیب آرڈیننس لائی ہے۔
نون لیگ کے صدر نے بتایا کہ پارٹی قائد نواز شریف کا لندن میں علاج ہو رہا ہے، صحت مند ہوتے ہی واپس آئیں گے،ان کا آج برطانیہ میں میڈیکل ٹریٹمنٹ ہوگا،وہ پارٹی کے تاحیات قائد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:انوکھا شوہر۔۔بیوی کی شادی اسکے عاشق سے کرا دی