کوہلی کی ضد بھارتی ٹیم پر بھاری پڑ گئی۔۔۔انڈین میڈیا کی تنقید

Nov 01, 2021 | 14:24:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں ہونیوالے ٹی-20 عالمی کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ’ کرو یا مرو کے مقابلے‘ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی  کی ضد ٹیم انڈیا پر بھاری پڑگئی۔ ان کا کوئی بھی فیصلہ ٹیم کے کام نہ آیا۔ الٹا بھارت  نیوزی لیںڈ سے ہار گیا اور سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں مزید کمزور ہوگئیں۔

بھارت کے نجی ٹی وی کی ویب رپورٹ کےمطابق نیوزی لینڈ کے خلاف اہم  میچ میں ویرات کوہلی نے بلے بازی آرڈر میں تین بڑی تبدیلیاں کیں، لیکن ان کا ایک بھی داؤ نہیں چلا اور بھارتی ٹاپ آرڈر بکھر گیا اور محض 50 رن کے اندر 4 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ اسی وجہ سے بھارتی  ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف بڑا اسکور نہیں کر سکی۔نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلے کے لئے سوریہ کمار یادو کی جگہ ایشان کشن  کو  موقع دیا گیا تھا اور ٹاس کے وقت ہی کپتان ویرات کوہلی نے یہ کہہ دیا تھا کہ ایشان کشن ٹاپ آرڈر میں کھیلیں گے۔ ویب رپورٹ کے مطابق اب سوال اٹھ رہا ہے کہ آخر کیوں کوہلی نے 3 بین الاقوامی ٹی-20 کھیلنے والے ناتجربہ کار ایشان کشن سے اننگ کی شروعات کرانے کا خطرہ اٹھایا۔ وہ بھی تب جب ایشان کشن کو نئی گیند سے ٹرینٹ بولٹ  اور ٹم ساودی جیسے سوئنگ گیند بازوں کا سامنا کرنا تھا۔ جیسا کہ خدشہ تھاوہی ہوا، ایشان کشن ایک چوکا لگاکر بولٹ کا شکار ہوگئے۔ کوہلی کا دوسرا حیران کرنے والا فیصلہ  روہت شرما کو بطور اوپننگ بلے باز نظر انداز کرناتھا ۔ ’کرو یا مرو کے مقابلے ‘میں ایشان کشن کو ٹاپ آرڈر میں کھلانے کے لئے روہت شرما کے بلے بازی آرڈر میں تبدیلی کی گئی۔ وہ تین نمبر پر کھیلنے آئے اور ایش سوڈھی کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کے چکر میں وہ بھی سستے میں آوٹ ہوگئے۔ روہت شرما نے 14 گیندوں میں 14 رن بنائے۔ اس سے ٹیم انڈیا کے مڈل آرڈر پر اور دباؤ آگیا۔ روہت شرما کا ریکارڈ بطور اوپننگ بلے باز شاندار ہے۔ انہوں نے 113 بین الاقوامی ٹی-20 میں سے 80 میں اوپننگ کی ہے اور اس میں انہوں نے 2404 رن بنائے ہیں۔ روہت شرما نے اننگ کا آغاز کرتے ہوئے ٹی-20 میں 4 سنچری بھی لگائی ہے۔ ایسے میں کوہلی کا یہ فیصلہ بھی سمجھ سے باہر تھا۔نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلے میں کے ایل راہل نے ٹاپ آرڈر میں اپنا مقام برقرار رکھا۔ جبکہ  روہت شرما کو تین نمبر پر بلے بازی کرنی پڑی۔ کے ایل راہل کے پاس مڈل آرڈر میں بلے بازی کرنے کا ایک اچھا تجربہ ہے۔ وہ بین الاقوامی کرکٹ اور آئی پی ایل دونوں میں مڈل آرڈر میں بلے بازی کرچکے ہیں اور مڈل آرڈر میں کھیلتے ہوئے ان کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ے ایل راہل نے 4 نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے 5 میچوں میں 87 رنوں کی اوسط سے 174 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے ناٹ آوٹ 110 رنوں کی اننگ بھی کھیلی ہے۔ ایسے میں اگر وراٹ کوہلی کو بلے بازی آرڈر میں تبدیلی کرنی بھی تھی، تو کے ایل راہل کو 4 نمبر پر بھیجا جاسکتا تھا۔ بلے بازی آرڈر میں ہوئی تبدیلی کے سبب وراٹ کو ہلی خود بھی اپنے پسندیدہ تین نمبر کے بجائے 4 نمبر پر بلے بازی کرنے آئے اور وہ بھی 9 رن بناکر آوٹ ہوگئے اور ٹیم انڈیا کو شکست جھیلنی پڑی۔
یہ بھی پڑھیں: بیویاں واٹس ایپ پر شوہر سےلڑنے پر پہلے ضرور سوچ لیں۔۔ کہیں۔۔؟

مزیدخبریں