کراچی: شوہر کے تشدد سے 3 بچوں کی ماں جاں بحق

Nov 01, 2022 | 10:43:AM

(ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی کی رہائشی 3 بچوں کی ماں شوہر کے مبینہ تشدد سے جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

مقتولہ کے بھائی کے مطابق شاہ فیصل کالونی کی رہائشی اس کی بہن حاملہ تھی، شوہر نے پیٹ پر لات ماری جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ مقتولہ کی لاش منگل کی صبح نجی اسپتال سے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ 30 سالہ بشریٰ پروین 3 بچوں کی ماں تھی، جن میں 2 لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہیں۔ بچوں میں ایک 14 سالہ لڑکا ذہنی اور جسمانی طور پر معذور ہے ۔

یہ بھی پڑھیے: لاہور، رشتے سے انکار پر لڑکی اور اہل خانہ پر تیزاب سے حملہ

   مقتولہ کا آبائی تعلق فیصل آباد سے تھا۔ شوہر محمد علی نشے کا عادی ہے۔ کچھ عرصے قبل تک فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا، تاہم نشے کے باعث فیکٹری سے نکال دیا گیا۔ مقتولہ کے بھائی شان کے مطابق پیر کی صبح بشریٰ اور محمد علی میں کسی بات پر جھگڑا ہوا، اس دوران محمد علی نے تشدد کرتے ہوئے اس کے پیٹ پر لات ماری، جس سے اس کی حالت بگڑ گئی۔

   بعدازاں بشریٰ کو فوری طور پر گھر کے قریب نجی کلینک لے جایا گیا جہاں لیڈی ڈاکٹر نے جان بچانے کی کوشش کی تاہم  حالت زیادہ بگڑنے پر جناح اسپتال لے جانے کا مشورہ دیا، جہاں جاتے ہوئے بشریٰ راستے ہی میں دم توڑ گئی۔ جناح اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کر دی۔ 

مزیدخبریں