(ویب ڈیسک) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے افریقی ملک تیونس کی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق وارننگ جاری کردی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فیفا نے تیونس فٹبال فیڈریشن (ٹی ایف ایف) کو خبردار کیا ہے کہ اس کی عالمی مقابلے میں شرکت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
فٹبال کی عالمی تنظیم نے تیونس فٹبال فیڈریشن کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں تیونس کے وزیر کھیل کی جانب سے فیڈرل آفسز کو ختم کرنے کی دھمکیوں کا حوالہ دیا گیا۔
اس خط میں فیفا نے تیونس فٹبال فیڈریشن کو آزادانہ طور پر کام کرنے اور تیسرے فریق کے غیر ضروری اثر و رسوخ سے بچنے کی اس کی ذمہ داری پر زور دیا۔
فیفا نے تیونس کو خبردار کیا کہ اگر فٹبال میں سیاسی مداخلت ہوئی تو اس پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے جبکہ اس کی ورلڈ کپ میں شرکت بھی خطرے میں پڑسکتی ہے۔
خیال رہے کہ فیفا قوانین کے مطابق تمام ممالک کی فٹبال فیڈریشنز کسی بھی طرح کی حکومتی اور تیسرے فریق کی مداخلت سے آزاد ہونی چاہئیں۔
ان ہی قوانین کی خلاف ورزی پر کینیا اور زمبابوے کی فیڈریشنز پر پابندی عائد کی جاچکی ہے جبکہ بھارت کو بھی اسی وجہ سے عارضی معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ تیونس نے چھٹی مرتبہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ رواں عالمی میلے میں یہ گروپ ڈی میں دفاعی چیمپئن فرانس، آسٹریلیا اور ڈنمارک کے مدمقابل ہوگی۔