ایشوریا رائے بچن کامیابی کی ایک داستان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشوریا رائے بچن49 برس کی ہوگئی ہیں لیکن آج بھی وہ کروڑوں لوگوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔یکم نومبر 1973 کو بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر منگلورو (بنگلور) میں پیدا ہونے والی ایشوریہ رائے بچن اپنے ملکوتی حسن کی بدولت دنیا کی خوبصورت ترین خواتین میں شمار کی جاتی ہیں۔کم و بیش 30 برس سے جاری ان کے کیریئر میں کئی نشیب و فراز آئے لیکن 24 برس سے ایک زمانہ ان کا مداح ہے۔1994 میں مس ورلڈ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد ایشوریہ نے 1997 میں تامل فلم اروار میں اپنی اداکاری کا آغاز کیا۔ ایشوریا اب تک تامل، تیلگو، بنگالی، انگریزی اور ہندی زبان کی تقریباً 50 فلموں میں نظر آ چکی ہیں۔
ایشوریا نے ہمیشہ اپنی شرائط پر زندگی کے فیصلے کئے ہیں، کبھی انہوں نے مس انڈیا بننے کے لیے عامر خان جیسے اسٹار کی فلم راجا ہندستانی ٹھکرائی تو کبھی شاہ رخ جیسے اسٹار کے ساتھ فلمیں چھوڑ دیں۔2022 میں دنیا کی چوتھی سب سے خوبصورت اداکارہ ایشوریا رائے آج 49 برس کی ہو گئی۔ ایسی خوبصورتی ہے کہ ہالینڈ میں ٹیولپ (tulip) کے پھولوں کی ایک قسم کو ایشوریا سے موسوم کیا گیا ہے۔
ایشوریا رائےکومس ورلڈ بننے سے پہلے ہی شہرت حاصل ہو گئی تھی وہ اسکول ہی میں تھیں کہ انہیں ٹی وی اشتہارات میں کام ملنا شروع ہوگیا۔ ایشوریا بھارت کی واحد اداکارہ ہیں جنہوں نے پیپسی اور کوک دونوں کمپنی کے اشتہارات میں کام کیا ہے۔1993 میں ایشوریا پیپسی کے اشتہار میں عامر خان اور ماہیما چوہدری کے ساتھ نظر آئیں۔
ایشوریا رائے کو مس انڈیا میں شرکت سے قبل بھی 4 فلموں کی پیشکش ہوئی تھی تاہم انہوں نے تمام پیشکش ٹھکرا دی تھیں۔ جن فلموں کو مسترد کیا ان میں راجا ہندوستانی (1996) بھی شامل تھی۔
ایشوریا نے اپنی اداکاری کا آغاز’ منی رتنم‘ کی فلم اروور (1997) سے کیا۔ اس کے بعد ایشوریا فلم ’’پیار ہو گیا‘‘ سے بالی ووڈ میں آئیں۔ یہ فلم ناکام رہی۔ 1998 میں ایشوریا تامل فلم’ جینز ‘میں نظر آئیں لیکن یہ بھی فلاپ ہوگئی۔ 1999 میں ایشوریہ کی ایک اور فلاپ فلم ’’آ اب لوٹ چلیں‘‘ ریلیز ہوئی اور اسی سال ان کی پہلی بلاک بسٹر ہٹ ’فلم ہم دل دے چکے صنم ‘ریلیز ہوئی۔
ایشوریا کو اسٹار بنانے والی فلم 1999 کی ہم دل دے چکے صنم تھی، یہ فلم ایشوریا کے فلموں میں آنے کے دو سال بعد آئی تھی، تاہم انہیں یہ فلم کسی آڈیشن سے نہیں بلکہ ایک اتفاق کی وجہ سے ملی۔
ایشوریا سنجے لیلا بھنسالی کی پہلی پسند نہیں تھیں، وہ کرینہ کپور کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے لیکن کرینہ مصروف تھیں۔ جس کے بعد منیشا کوئرالہ کو اس کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے بھی یہ فلم کرنے سے انکار کر دیا۔
ایشوریا رائے کو عامر خان نے ’’راجا ہندوستانی‘‘ کے پریمیئر میں شرکت کی دعوت دی۔ وہ یہ سوچ کر چلی گئیں کہ کہیں عامر ناراض نہ ہوجائیں۔ پریمیئر میں ایشوریہ رائے سنجے لیلا بھنسالی کے پاس گئیں اور انہوں نے کہا، ’ہیلو، میرا نام ایشوریا ہے، مجھے آپ کی فلم خاموشی بہت پسند ہے‘۔بھنسالی کو ایشوریا کی آواز اور آنکھیں اتنی پسند آئیں کہ انہوں نے فوری طور پر انہیں ’’ہم دل دے چکے صنم‘‘ میں کاسٹ کرلیا۔
’’ہم دل دے چکے صنم‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ہی سلمان خان اور ایشوریا ایک دوسرے کے قریب آئے، ایشوریا کے معاملے میں سلمان خان ہر جگہ جھگڑے کرتے تھے، کئی بار سلمان نے ایشوریہ کی فلموں کے سیٹ پر ہنگامہ بھی کیا۔ امیج خراب ہونے کے خوف سے ایشوریہ نے خود کو سلمان سے دور کر لیا۔سلمان خان سے دوری اختیار کرنے کی کوشش میں ایشوریا اداکار وویک اوبرائے کے قریب آگئیں، سلمان خان کو یہ سب پسند نہ آیا اور انہوں نے وویک کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ابھیشیک بچن فلم ’’گرو‘‘ میں کام کے دوران ایشوریا رائے کی محبت میں گرفتار ہوئے اور 2007 میں ان کی شادی ہوگئی۔
شاہ رخ نے ایشوریا کو فلموں سے نکال دیاایشوریا رائے اور شاہ رخ خان جوش، محبتیں اور دیوداس جیسی بلاک بسٹر ہٹ فلموں میں ایک ساتھ نظر آئے لیکن پھر دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنا چھوڑ دیا۔
دراصل شاہ رخ خان ایشوریا رائے کی ذاتی زندگی میں مداخلت کر رہے تھے جو ایشوریا کو پسند نہیں تھی۔ دونوں کے درمیان ایسی بحث ہوئی کہ شاہ رخ نے ناراض ہو کر انہیں کئی فلموں سے نکال دیا۔ ان میں ویر زارا بھی شامل ہے جو خاص طور پر ایشوریا رائے کے لیے لکھی گئی تھی۔دونوں برسوں بعد 2016 میں ’‘ اے دل ہے مشکل’’ میں نظر آئے تھے۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والی خوبرو اداکارہ ایشوریا نے 4 سال بعد ایک مرتبہ پھر بڑی اسکرین پر اپنی نئی فلم پونین سیلون 1 کے زریعے انٹری دی ہے۔معروف بھارتی ہدایت کار منی رتنم کی ہدایتکار ی میں بننے والی یہ فلم 30 ستمبر کو ریلیز ہوئی تھی جو کہ ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں دنیا بھر سے325 کروڑ کا بزنس کرتے ہوئے باکس آفس پر ہٹ رہی۔ایشوریا کی اس فلم کو بالی ووڈ کی اب تک کی تیسری سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم قرار دیا جارہا ہے۔یہ فلم تمل زبان میں لکھا جانے والے ناول ’پونین سیلون 1‘ پر فلمائی گئی ہے جوکہ بھارت کے ایک عظیم بادشاہ ’راجا چولا‘ کی زندگی پر مبنی ہے۔پونین سیلون کا لقب تمل عوام نے راجا راجا چولا کو دیا تھا جن کے خاندان ’چولا‘ نے 9ویں صدی سے 13ویں صدی تک تمل سرزمین پر راج کیا۔
واضح رہے کہ ایشوریا رائے بچن کے حاملہ ہونے کی خبریں فلم انڈسٹری اور سوشل میڈیا پر گرم ہیں۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق معروف اداکارہ ایشوریا رائے بچن اپنے شوہر اسٹار اداکار ابھیشیک بچن اور بیٹی آرادھیا کے ہمراہ فرانسیسی شہر کینس میں ہونے والے فلم فیسٹول میں شرکت کے لیے گئیں جہاں ایشوریا میگا ایونٹ کے ریڈ کارپیٹ پر بہت محتاط نظر آئیں، ان کی چال ڈھال اور چلنے کے انداز سے مداحوں کو لگ رہا ہے کہ اداکارہ امید سے ہیں۔