این اے 237 ملیر میں مبینہ دھاندلی سے متعلق عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) الیکشن کمیشن نے این اے 237 ملیر میں مبینہ دھاندلی اور بے امنی سے متعلق عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے این اے 237 ملیر میں مبینہ دھاندلی اور بے امنی سے متعلق عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ملیر ضمنی انتخاب کے دوران پی ٹی آئی کے ایم پی اے پر 20 سے 25 افراد نے حملہ کیا، جتھے کے حملے کی ویڈیوز بھی موجود ہیں۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ واقعہ کی ایف آئی آر آج تک درج نہیں کی گئی، تشدد کا واقعہ پولنگ اسٹیشن نمبر 129 کے باہر پیش آیا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ آپ کو کوئی مسئلہ ہے تو الیکشن ٹریبیونل میں جائیں، ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی تو سیشن کورٹ سے رجوع کریں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ درخواست کے ساتھ کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا، جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ جتھے کے حملہ سے متعلق پریزائیڈنگ افسر کا بیان موجود ہے، این اے 237 میں الیکشن شفاف نہیں ہوا۔ ممبر کے پی نے کہا کہ جہاں آپ کے امیدوار جیت گئے وہاں سب ٹھیک ہے جہاں ہار گئے وہاں شفافیت نہیں ہے ؟ ہار جائیں تو الیکشن کمیشن کی کارکردگی آپ کو خراب نظر آتی ہے۔
خصوصی سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ واقعہ پولنگ اسٹیشن کے باہر پیش آیا، ایف آئی آر درج ہے، پولیس کی تحقیقاتی کمیٹی کام کر رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔