کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی ہونے کا معاملہ، جماعت اسلامی سپریم کورٹ پہنچ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی ہونے کے معاملے پر جماعت اسلامی کراچی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی ہے، الیکشن کمیشن کا 24 اگست کا فیصلہ آئین اور قانون کے خلاف ہے، سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی بھی کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ سندھ ہائیکورٹ 24 جون کو دونوں سیاسی جماعتوں کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواستیں مسترد کرچکی، کراچی میں بارشوں کو بنیاد بنا کر بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے گئے، سندھ حکومت بلدیاتی اداروں پر کنٹرول قائم رکھنے کیلئے بلدیاتی انتخابات کرانے سے گریز کر رہی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن کا 24 اگست کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا جائے، کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے احکامات جاری کیے جائیں۔