(اویس کیانی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما بلال یامین ستی کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے حلقہ این اے 51 میں لوگ تجسس کا شکار ہیں، قائد میاں نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی میں کوئی اختلاف نہیں، ایسی خواہشات کی تکمیل کرنے والوں کا ن لیگ سے قطعاً کوئی تعلق نہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یامین ستی نے حلقہ این اے 51 کے عمائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے علاقائی تقسیم سے بالاتر ہوکر این اے 51 میں تاریخی کام کیے کیونکہ وہ صرف کام کرنے کے قائل ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کے حوالے سے تاثر پیدا کیا جارہا ہے کہ وہ الیکشن نہیں لڑ رہے، پیپلز پارٹی پر مشکل وقت آنے پر ان کے ساتھ جڑے لوگوں نے اور آج پی ٹی آئی پر مشکل وقت آیا تو ان کے لوگوں نے بھی اپنی اپنی پارٹیوں کو خیر باد کہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: عام انتخابات، جہانگیر ترین نے لودھراں سے حلقہ بندیوں پر اعتراضات اٹھا دیے
بلال یامین ستی نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے انتخابات میں حصہ نہ لیا تو پارٹی کے دیگر لوگ ٹکٹ کیلئے اپلائی کرینگے، ن لیگی قیادت سے توقع ہے کہ وہ منصفانہ فیصلے کریں گے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پیرا شوٹرز اور اچھے وقت میں شامل ہونے والوں کو تسلیم نہیں کریں گے، اہلیان راولپنڈی 21 اکتوبر کو سینکڑوں گاڑیوں میں اپنے قائد کے استقبال کیلئے لاہور گئے، عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ 9 مئی کے کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں، 16 ماہ سے پہلے والی حکومت نے لوگوں کو پچاس لاکھ گھر دینے کے جھوٹے وعدے کیے اور ملک سے کھلواڑ کیا ہے۔