پاکستان اور بنگلادیش کا میچ ، بھارت میں فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا گیا

Nov 01, 2023 | 12:17:PM

(ویب ڈیسک )بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 31 ویں میچ  کے دوران سٹیڈیم میں فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق 31 اکتوبر کو ہونے والے پاکستان اور بنگلادیش کے میچ کے دوران سٹیڈیم میں فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا گیا،بھارتی نیوز ویب سائٹ انڈیا ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز کولکتہ میں کھیلے گئے پاکستان اور بنگلا دیش کے میچ میں فلسطین کا جھنڈا لہرانے پر پولیس نے 4 افراد کو حراست میں لے لیا،رپورٹس کے مطابق ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم سے حراست میں لیے گئے افراد میں سے 2 افراد کا تعلق جھارکنڈ  سے ہے اور 2 کولکتہ کے ہی رہائشی ہیں۔

 بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ 2 افراد کو گیٹ نمبر 6 جب کہ دیگر 2 افراد کو بلاک جی 1 سے حراست میں لیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق حراست میں لیے گئے چاروں افراد نوجوان ہیں اور انہوں نے اسٹیڈیم میں احتجاج کے طور پر صرف فلسطین کا جھنڈا لہرایا تھا تاہم کسی قسم کا نعرہ نہیں لگایا۔

کولکتہ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چاروں افراد جن کی عمریں 20 سال ہیں، غزہ میں حماس کے خلاف جاری جنگ میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اور انہوں نے اس احتجاج کے لیے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ہونے والے بین الاقوامی میچ کا انتخاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں :اڈیالہ جیل سے رہائی پانے والے پی ٹی آئی ورکرز دوبارہ گرفتار

واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان نے بنگلادیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دی جس کے بعد گرین شرٹس سیمی فائنل کی دوڑ میں اب بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں