بنگلہ دیش کو شکست سے دوچار کرنے کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکان روشن ؟

Nov 01, 2023 | 17:34:PM
بنگلہ دیش کو شکست سے دوچار کرنے کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکان روشن ؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حسنین محی الدین)بھارت میں جاری ورلڈ کپ 2023  میں ہمیشہ کی طرح اس بار بھی  اگر مگر کا کھیل کھیلا جا رہا ہے اور یہ کھیل کوئی اور نہیں بلکہ پاکستانی کرکٹ شائقین سوشل میڈیا سمیت ہر جگہ کھیل رہے ہیں ، اگر مگر کا کھیل  ہر بڑے ٹورنامنٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم  اپنے مداحوں کو کھیلنے پر مجبور کرتی ہے ،یہ کھیل پاکستان کرکٹ ٹیم کے بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد خوب زورو شوروں سے کھیلا جا رہا ہے ۔ 

یہ کھیل ہے کیا ؟

بنگلہ دیش کو شکست دینے کے بعد اب پاکستانی کرکٹ شائقین نے ٹیم کے سیمی فائنل تک پہنچنے پر امیدیں لگا لی ہیں، لیکن ٹیم کی یہ رسائی اگر اور مگر کی صورت میں ہے ، منگل کو جب پاکستان کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کی ٹیم کو 7وکٹوں سے شکست دی تو پاکستانی شائقین کے ذہنوں میں کچھ امیدیں پھر سے جاگ اٹھی ہیں،کرکٹ ورلڈ کپ میں اب تک کھیلے گئے سات میچوں میں سے پاکستان صرف تین میچ جیتنے میں کامیاب رہا ہے،لیکن اس کے باوجود پاکستان ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے لیکن اس کا انحصار اگر مگر پر ہے ۔

پوائنٹس ٹیبل 

اگر مگر کے کھیل کو سمجھنے سے پہلے آپ کو ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل کو سمجھنا ہو گا،جو کہ کچھ اس طرح ہے ، سب سے اوپر اب تک کی ناقابل شکست ٹیم انڈیا ہے جس نے 6 میچز کھیل کر 12 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں ، اس کے بعد جنوبی افریقا ہے جس نے 6 میچز میں سے 5 میں فتح حاصل کر کے 10 پوائنٹس کے ساتھ  دوسرے نمبر پر ہے ، نیوزی لینڈ 6میچز کھیل کر 4 میں فتح حاصل کر کے 8 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے ، چوتھے نمبر پر اس وقت آسٹریلیا ہے جس نے اب تک 6 میچز کھیلے ہیں اور 4 میں فتح حاصل کرنے کے بعد 8 پوائنٹس ہیں ۔

جبکہ پاکستان اس وقت پانچویں نمبر پر ہے جس نے 7 میچز کھیل کر 3 میں فتح حاصل کی اور صرف 6 پوائنٹس حاصل کیے ہیں ، اس لحاظ سے شاہینوں کو سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کیلئے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا  میں سے کسی ایک ٹیم کو سیمی فائنل کی دوڑ میں سے باہر کرنا  ہوگا۔

پاکستان سیمی فائنل میں ؟

پاکستان کے گروپ سٹیج کے 2 میچز باقی ہیں جو کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہیں  اور پاکستان کو ہر صورت یہ دونوں میچز جیتنے ہیں ، اس صورت میں پاکستان کے پوائنٹس 10 ہو جائیں گے ، پاکستان کے ہاتھ میں صرف یہی ہے ، باقی کا کھیل  دوسری ٹیموں کو کھیلنا ہو گا جو کہ پاکستانی کرکٹ شائقین چاہتے ہیں اور اس کیلئے دعا گو بھی ہیں۔ 

نیوزی لینڈ سیمی فائنل کی ریس سے باہر ؟

نیوزی لینڈ کے سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہونے کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے باقی تین میچز میں سے کم سے کم 2 میچز ہارے ،ان تین میچز میں سے ایک میچ پاکستان کیساتھ ہے جو کہ پاکستان کو ہر صورت جیتنا ہے ، اس سے پہلے نیوزی لینڈ کا میچ جنوبی افریقا کیخلاف ہے ، اگر یہ دونوں میچز نیوزی لینڈ ہار جاتا ہے تو پھر  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے پوائنٹس 10 ، 10 برابر ہو جائیں گے اس طرح پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ رن ریٹ پر ہو گا، لیکن اگر نیوزی لینڈ اپنا تیسرا اور آخری میچ  بھی ہار جائے  تو پاکستان کی ڈائریکٹ سیمی فائنل میں انٹری ہو گی ، واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کا آخری میچ سری لنکا کیخلاف ہے اور سری لنکا اس وقت تک 4 پوائنٹس کے ساتھ  ساتویں نمبر پر ہے ۔ 

آسٹریلیا سیمی فائنل کی ریس سے باہر ؟

دوسری ممکنہ صورت  آسٹریلیا کے سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہونے پر منحصر ہے ، جو کہ قدرے مشکل نظر آ رہا ہے ، کیونکہ آسٹریلیا کے اگلے میچز  انگلینڈ ، افغانستان اور بنگلہ دیش سے ہیں ، آسٹریلیا کو بھی دو ٹیموں سے ہارنا ہو گا  لیکن  افغانستان کو شکست دینی ہو گی  کیونکہ اگر افغانستان یہ میچ جیت جاتا ہے تو  پاکستان کیلئے خطرہ بن سکتا ہے اس کی وجہ افغانستان کا پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر ہونا ہے  اور اگر آسٹریلیا 2 میچز ہار جاتا ہے جو کہ انگلینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں سے ہارنا ہے اس صورت میں بھی پاکستان کا اور آسٹریلیا کا سیمی فائنل میں جانے کا فیصلہ رن ریٹ پر  ہو گا ۔

افغانستان اور بھارت مدد گار؟

اس بار پاکستانی کرکٹ شائقین کو انڈیا اور افغانستان دونوں سے مدد کی امید ہے،انڈیا اور سری لنکا کے درمیان میچ جمعرات کو ہونا ہے، جب یہ دونوں ٹیمیں ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں کھیلیں گی تو انڈین کرکٹ شائقین کیساتھ ساتھ پاکستانی کرکٹ شائقین بھی  ٹیم انڈیا کی جیت کیلئے دعا گو ہوں گے ، اگر انڈیا یہ میچ جیت جاتا ہے تو سری لنکا کی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہو جائے گی، سری لنکا اس وقت چھ میچ کھیلنے کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے،سری لنکا کے باہر ہونے سے پاکستان کا راستہ نسبتاً آسان ہو جائے گا۔ اس میچ کے بعد پاکستان کی امیدیں افغانستان سے ہوں گی۔
افغانستان کو گروپ میچ میں ابھی مزید تین میچز کھیلنے ہیں، یہ میچ نیدرلینڈز، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے ہیں،اگر پاکستان ورلڈ کپ میں رہنے کی امید رکھے تو یہ اسی صورت ممکن ہے کہ افغانستان ان تینوں میں سے صرف ایک میچ جیتے۔
اگر افغانستان بقیہ تینوں میں سے ایک میچ جیت جاتا ہے تو اس کے کل آٹھ پوائنٹس ہو جائیں گے لیکن اگر افغانستان دو میچ جیت جاتا ہے تو اس کے بھی 10 پوائنٹس ہو جائیں گے اور ایسی صورت میں فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر منحصر ہو جائے گا۔


کراچی ایئر پورٹ کا نام تبدیل کر کے سیمی فائنل رکھ دیا جائے،کرکٹ شائقین 
بی بی سی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنے قارئین سے پوچھا کہ کیا پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟ تو اس معاملے پر کافی ردعمل ملا،قادر نامی صارف لکھتے ہیں کہ ’میرے خیال میں پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا ممکن نہیں کیونکہ پاکستان کو باقی میچز جیتنا ہیں اور دوسری ٹیموں کو اس کے حساب سے میچز ہارنا ہیں ، سندیپ سونی نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں ضرور پہنچ سکتی ہے لیکن آسٹریلیا اور انڈیا کا میچ دیکھنے کے لیے،مشتاق احمد کہتے ہیں کہ ’پاکستان کے لیے سیمی فائنل تک پہنچنا اتنا ہی مشکل ہے جتنا 90 کی دہائی کی فلموں میں گواہوں کا عدالت تک پہنچنا،کرانتی سنگھ نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’ہاں اگر کراچی ایئرپورٹ کا نام بدل کر سیمی فائنل کر دیا جائے تو پاکستانی ٹیم پہنچ سکتی ہے،پنٹو تیاگی لکھتے ہیں کہ ’سوال یہ ہونا چاہیے کہ کیا پاکستانی ٹیم افغانستان کو پیچھے چھوڑ سکتی ہے یا نہیں؟‘