مستونگ:سکول کے قریب دھماکا،بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق،12 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(قادر شاہ)بلوچستان ایک بار پھر لہو لہو،مستونگ میں دھماکے سے اسکول کے بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مستونگ میں گرلز ہائی اسکول سول اسپتال چوک پر بم دھماکا ہوا جس میں افراد جاں بحق ہوگئے،12 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں زیادہ تر اسکول کے بچے شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم اسکول کی وین بھی دھماکے کی زد میں آ گئی جس کے نتیجے میں اسکول کے 6 بچے اور ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا، زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ بم دھماکے میں چوک پر موجود پولیس موبائل مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ دیگر گاڑیوں اور رکشوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ضرورپڑھیں:ڈونلد ٹرمپ نے خود کو خواتین کا محافظ قرار دے دیا
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے مستونگ میں اسکول کے قریب بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ داخلہ بلوچستان سے واقعہ سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے، ضلعی انتظامیہ، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سکیورٹی فورسز موقع پر موجود ہیں، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
شاہد رند کا بتانا ہے کہ واقعے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو طلب کر لیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار اور معصوم بچوں کے ورثاء سے اظہار افسوس کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے غریب مزدوروں کے ساتھ اب معصوم بچوں کو نشانہ بنایا،انسانیت سوز واقعہ قابل مذمت ہے،دہشت گردوں نے سافٹ ٹارگٹ میں اب معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔
وزیر اعلٰی بلوچستان کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں اور بے گناہ افراد کے خون کا حساب لیں گے،شہری آبادی میں مقامی افراد کو بھی دہشت گردوں پر نظر رکھنی ہوگی،مل جل کر ہی دہشت گردی کے عفریت کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔