(احتشام کیانی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پراعتراضات دورہونے کے بعد رجسٹرار آفس کو درخواست پیر کو دوبارہ مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی،دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ آپ کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ہیں، وکیل نے کہاکہ بشریٰ بی بی کو اسی کیس میں ضمانت دی گئی، بانی پی ٹی آئی پر بھی وہی الزام ہے،؟ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاوہ تو عورت تھی یہ مرد ہے، رُول آف Consistency کیسے ہو سکتا ہے؟،رجسٹرار آفس کا اعتراض ہے کہ یہ معاملہ ستمبر کا ہے لیکن وکالت نامہ تو جولائی کا ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کورٹ میں موجود شاہ خاور ایڈووکیٹ کو روسٹرم پر بلا لیااورکہاکہ اِس معاملے پر آپ معاونت کردیں۔
شاہ خاورایڈووکیٹ نے کہایہ عمومی پریکٹس ہے کہ درخواست گزار جیل میں ہو تو ایک سے زائد وکالت نامے دستخط کروا لیے جاتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل کی آج ہی فریقین کو نوٹس جاری کرنے کی استدعا پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ قانون پر عمل ہو گا۔
عدالت کی رجسٹرار آفس کو کیس پیر کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔