لاہور کو دوبارہ فلمی صنعت کا گہوارہ بنانے کا فیصلہ

فلمی صنعت کی بحالی اورفنکاروں کے مسائل حل کرنےکےلئے 29 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دےدی گئی

Nov 01, 2024 | 16:04:PM

(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کو دوبارہ فلمی صنعت کا گہوارہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

فلمی صنعت کی بحالی اور فنکاروں کے مسائل کے حل کے لئے 29 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فلم اور آرٹس کے فروغ کے لئےکمیٹی سے 15 دِن میں سفارشات مانگ لی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید کمیٹی میں وزیراعلیٰ کی نمائندگی کریں گے،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کمیٹی کی کنوینر ہوں گی جبکہ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی کمیٹی میں شامل ہیں جو اہم فرائض انجام دیں گی۔

اطلاعات، سیاحت اور خزانہ کے صوبائی سیکریٹریز کے علاوہ فلم اور فن کے شعبے کی نمایاں شخصیات کو بھی اس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، کمیٹی فلم انفراسٹرکچر، فلم سٹی ،فلم اکیڈمی اورجدید ٹیکنالوجی سے آراستہ فلم لیب کے قیام کے لیے کام کرے گی، کمیٹی پنجاب فلم فنڈ کی تشکیل اور صوبے میں فلمی صنعت کے فروغ کے لئے تجاویز اور جامع پالیسی بھی تیار کرے گی۔

اس کے علاوہ کمیٹی فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس، فلاح وبہبود اور سماجی تحفظ کے لئے آرٹسٹ ویلفئیر کا جامع نظام وضع کرے گی،اس کے علاوہ فنکاروں کے لئے ہاؤسنگ سوسائٹی بھی بنائی جائے گی۔

کمیٹی پنجاب میں سینما ہاﺅسز بڑھانے اور اس شعبے کے لئے خصوصی رعایتوں کی فراہمی کے لئے بھی تجاویز تیار کرے گی ۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال نے سٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

 

مزیدخبریں