(ویب ڈیسک) تاریخی سیریز"سلطان صلاح الدین ایوبی"آج کل پاکستان میں نجی ٹی وی سےاردوڈبنگ کے ساتھ نشرہورہی ہے جس میں ناموراداکاراورمیزبان محمدنورالحسن ایک مضبوط کردار میں نظر آئے ہیں۔
”صلاح الدین ایوبی“ پاکستان اور ترکی کے درمیان ایک مشترکہ پروجیکٹ ہے،یہ تاریخی سلسلہ مسلمان حکمران سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی اور فتوحات پرمبنی ہے جب ایوبی سلطنت کے بانی سلطان صلاح الدین نے صلیبیوں کو شکست دی اور 1187 میں 9 دہائیوں بعد مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس کو دوبارہ آزاد کرایا تھا۔
یہ سیریز گزشتہ سال ترکی میں نشر ہونا شروع ہوئی تھی، اب نجی ٹی وی پر اردو ڈبنگ کے ساتھ پاکستان میں بھی نشر ہو رہی ہے, ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، ڈاکٹر کاشف انصاری، احمد فاروق بکاک اور ڈاکٹر جنید علی شاہ اس کے پروڈیوسر ہیں۔
حال ہی میں سلطان صلاح الدین ایوبی کی 98 ویں قسط نشر ہوئی تو اس قسط میں معروف اداکار نور الحسن نے اسلامی مبلغ، اسکالر اور روحانی شخصیت حضرت عبدالقادر جیلانی کا کردار ادا کیا،اگرچہ ڈرامے میں یہ کردارمختصر مگر انتہائی اہم اور روحانی ہے جو مرکزی کردار صلاح الدین ایوبی کی رہنمائی کرتا دکھائی دے گا۔
مداح نور الحسن کو ترک سیریز میں ایک اہم کردار میں دیکھ کر بہت خوش ہیں اوران کاکہناہے کہ یہ پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے ، انہیں امید ہے کہ اس پاک ترک مشترکہ منصوبے میں مزید پاکستانی اداکاروں کو دکھایا جائے گا۔