(عامر شہزاد) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاک افغان دو طرفہ تجارت کوبڑھانے کیلئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے،ہمسایہ برادراسلامی ممالک کے مابین تجارت کوفروغ دینے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل کریم کنڈی سے پاک افغان جوائنٹ چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے نمائندہ وفد کی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی،سینئر نائب صدر ضیاء الحق سرحدی کی قیادت میں وفد نے گورنر کو پاک افغان تجارت، امپورٹ ایکسپورٹ کاروبار سے متعلق آگاہ کیا ،ملاقات میں وفد نے امپورت ایکسپورٹ کاروبار پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا،وفد نے گورنر کو مختلف تجارتی امور اور پاک افغان سرحدی تجارت میں درپیش رکاوٹوں سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ،ہمسایہ برادراسلامی ممالک کے مابین تجارت کوفروغ دینے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، پاک افغان برآمد و درآمد تجارتی سرگرمیوں سے متعلق حائل مشکلات و رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جایئں گے۔
فیصل کریم کنڈی کامزید کہنا تھا کہ تاجربرادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،ملک کی ترقی وخوشحالی کاروباری شعبے کی کامیابی سے وابستہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی سے بذریعہ سڑک جہاز کی حیدرآباد منتقلی کا عمل مکمل