اسرائیلی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ بحرین،5 معاہدوں پر دستخط  ہونگے

Oct 01, 2021 | 11:38:AM

(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لپید  بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچ گئے۔ بحرین اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ سال سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد یہ کسی اسرائیلی وفاقی وزیر کا پہلا دورہ بحرین ۔

العریبہ اردو کی ویب رپورٹ کےمطابق اسرائیلی وزیر خارجہ دورہ بحرین کے دوران منامہ میں اسرائیل کے سفارتخانے کا افتتاح اور اپنے بحرینی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق اسرائیل کے چوٹی کے سفارتکار اس دورے کے دوران پانچ مختلف معاہدوں پر دستخط کریں گے جن میں ہسپتالوں، پانی اور بجلی کی پیداوار میں باہمی تعاون کے معاہدے شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق بحرین معیشت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اسرائیل سے خصوصی تعاون چاہتا ہے اور وزیر خارجہ کے دورہ منامہ کے دوران ان شعبوں میں تعاون کے منصوبوں پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔اسرائیلی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ "ہم بحرین کو باہمی تعاون اور خطے کے دیگر ممالک سے تعلقات کے قیام کے حوالے سے اہم پارٹنر سمجھتے ہیں۔اس موقع پر بحرین کی سرکاری ائیر لائن' گلف ائیر' نے جمعرات کے روز تل ابیب کے لئے پہلی اڑان بھری۔ 

واضح رہےکہ اسرائیل اور بحرین کے درمیان اب تک 12 منصوبوں پر دستخط ہو چکے ہیں جن میں ٹرانسپورٹ، زراعت، ابلاغیات اور معیشت میں تعاون شامل ہے۔بحرین اور متحدہ عرب امارات نے گزشتہ سال کے دوران امریکا کی ثالثی میں اسرائیل سے سفارتی تعلقات کے قیام کا معاہدہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ  ملک بھر میں بارش ہی بارش

مزیدخبریں