پٹرول صرف پاکستان نہیں دنیا بھر میں مہنگا ہوا ہے ،شیخ رشید 

Oct 01, 2021 | 15:09:PM

(نیوزایجنسی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں پیٹرول مہنگا ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جامع مسجد سیکرٹریٹ کا افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہباز شریف کی ٹیں ٹیں فش ہے ۔انہوں نے کہاکہ امریکی پارلیمنٹ میں پاکستان پر پابندیاں لگانے سے متعلق بل آرہا ہے دیکھتے ہیں کیا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے ماضی میں بھی پابندیوں کا،سامنا کیا ہے، جب ہماری مساجد آباد ہیں دشمن ہمیں نقصان نہیں پہنچ سکتا ہے، ہماری مسلح افواج نے ملک کے لیے بڑی قربانیاں دیں دنیا ہمارے افغانستان میں کردار کوسراہ رہی ہے۔قبل ازیں شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نوازشریف کی سیاست کو دور دور تک نہیں دیکھ رہا ،کہتے ہیں کلین چٹ مل گئی ہے ،اگر ملی ہے تو واپس پاکستان آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف آدھا تیتر اور آدھا بٹیر ہے ،شہبازشریف کوشش کریں تو آئندہ سیاست میں ہوں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ آنےوالے الیکشن شفاف ہوں گے ، پنجاب میں تحریک انصاف اور ن لیگ کا مقابلہ دیکھ رہا ہوں ، پیپلزپارٹی کا پنجاب میں کوئی چانس نہیں ، انہوں نے خود کو ایک صوبے تک محدود کر رکھا ہے ، بلوچستان میں پیپلز پارٹی تھوڑی بہت سیاست کرے گی ، بلاول بھٹو پتہ نہیں امریکا کے دورے کیوں کر رہا ہے ؟۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں کالعدم اور دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں جن کی طرف سے حملوں کا خدشہ ہے،ہمارے ادار ے مکمل الرٹ ہیں،عمران خان ایک ایماندار لیڈر ہے اس نے کبھی کرپشن نہیں کی ، عمران خان ایک فائٹر ہے وہ لڑے گا ،عمران خان حکومت میں پانچ سال پورے کرے گا ، اگلا الیکشن عمران خان الیکٹرانک ووٹنگ مشین پرکرائے گا ، عمران خان کے ساتھ آیا ہوں اور انہی کےساتھ رہوں گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ مہنگائی ضرور ہے اس میں کوئی شک نہیں ،موجودہ حکومت مہنگائی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بن رہی ہے ،پچھلی حکومتیں تیل اور گیس کے معاہدے جان بوجھ کر مہنگے کر گئیں اسی لئے ملک میں مہنگائی کی شدت ہے ،چار چیزوں کی مہنگائی ہے ،پاکستان میں مافیاز ہیں جو قیمتوں میں ردوبدل کر دیتی ہیں ،دال ،آٹا، چینی ، گھی انہی چار چیزوں کا مسئلہ ہے لیکن وزیراعظم عمران خان بہت جلد اس مسئلے پر قابو پا لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کو بڑا ریلیف مل گیا

مزیدخبریں