(ویب ڈیسک) قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے پیدائشی طور پر نچلے دھڑ سے محروم غانم المفتاح نے ہاتھوں سے چلتے ہوئے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔
عرب میڈیا کے مطابق ٹانگوں سے محروم 18 سالہ غانم المفتاح نے عمرے کی ادائیگی کے دوران وہیل چیئر کی سہولت لینے سے انکار کردیا اور اپنے ہاتھوں سے چلتے ہوئے کعبہ شریف کا طواف کرکے عزم اور ہمت کی مثال قائم کر دی۔
پیدائش سے ہی نچلے دھڑ سے محروم غانم المفتاح نے عمرہ ادائیگی سے قبل عرب میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ کیا ہوا اگر میری ٹانگیں نہیں ہیں، مجھے پیدا کرنے والے نے مضبوط ہاتھوں سے نوازا ہے جو میرے لیے ٹانگوں کا متبادل ہیں۔
غانم المفتاح نے کعبہ کا طواف وہیل چیئر کے بجائے اپنے ہاتھوں کے سہارے چلتے ہوئے کیا اور قرآن کی یہ آیت بھی پڑھی کہ اللہ کسی جان پراس کی طاقت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا۔
یاد رہے کہ غانم محمد المفتاح کے سوشل میڈیا پر فالورز کی تعداد لاکھوں میں ہے اور انھیں قطر میں ایک ہیرو کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اسی شناخت کے باعث انھیں قطر میں فٹبال ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب کی میزبانی کا موقع دیا گیا تھا۔
گزشتہ برس قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں امریکی فنکار مورگن فری مین کے ہمراہ میزبانی اور شاندار مکالمے نے غانم المفتاح کو شہرت کی بلندی پر پہنچادیا تھا۔
واضح رہے غانم المفتاح ایک ایسی نادر بیماری میں مبتلا ہیں جس میں نو مولود کے نچلے دھڑ کی نشوونما نہ ہونے کے باعث وہ ٹانگوں سے محروم ہوتا ہے۔