مسلم لیگ ن ہمیشہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لائی، مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کا گلگت بلتستان میں بڑا ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس سے سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔
کنونشن سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کنونشن گلگت بلتستان کے عوام کا نواز شریف کے حق میں ریفرنڈم ہے، گلگت بلتستان کے عوام کی محبت کا جواب نواز شریف ترقی کی صورت میں دیں گے، گلگت بلتستان اور یہاں کے بہادر اور وفا شعار عوام ہمارا فخر ہیں۔
سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ پاکستان کو ترقی دی، مہنگائی سے جان چھڑائی، مسلم لیگ ن ہمیشہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لائی، نواز شریف گلگت بلتستان سمیت تمام پاکستان کو امن دیں گے، دہشتگردی سے نجات دلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے: ملک میں کسی اور سیاسی جماعت کی گنجائش نہیں، رانا تنویر
انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن نے سابقہ حکومت میں لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی ختم کی تھی، پھر قوم کو ان عذابوں سے نجات دیں گے، نواز شریف وعدوں کی تکمیل کا نام ہے، عوام ہمیں ووٹ دیتے ہیں تو نواز شریف کی قیادت میں ہماری حکومت ہمیشہ ڈلیور کرتی ہے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف باتیں نہیں کرتا، کام کرتا ہے، ترقی کے ہر منصوبے پر نواز شریف کا نام لکھا ہے، نواز شریف قوم کو متحد کریں گے، ہم ملک کی ترقی کا ایجنڈا دیں گے، نواز شریف نے ملک اور قوم کو مسائل سے نکالنے کا روڈ میپ تیار کرلیا ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 2013ء سے 2018ء کے درمیان ترقی کی شرح 6.1 فیصد اور مہنگائی 3.8 فیصد کی کم ترین سطح پر تھی، نواز شریف کو ناحق سزا نہ ملتی تو عوام کو آج مہنگائی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، ہنر اور کاروبار کے مواقع دیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف دیں گے، 21 اکتوبر کو قائد مسلم لیگ ن کا تاریخی استقبال کریں گے۔